1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا باون واں ایڈیشن شروع

عابد حسین25 اگست 2014

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔ بنڈس لیگا کا سیزن دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر حصے میں 17 میچ ڈیز ہوتے ہیں۔ پہلا میچ ڈے اتوار 24 اگست کو مکمل ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/1D04S
کریم بیلاربی نے تیز ترین گول کیاتصویر: Getty Images

جرمن قومی فٹ بال لیگ کا افتتاحی میچ جمعے کے روز دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ اور وُولفس برگ کے درمیان کھیلا گیا۔ وُولفس بُرگ کی ٹیم نے یہ میچ میونخ میں بائرن کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا۔ میزبان ٹیم نے ایک گول کے مقابلے میں دو گول سے یہ میچ جیت لیا۔ بائرن کی جانب سے تھوماس میُولر نے پہلے ہاف میں گول کیا اور اِس برتری کو ڈچ فارورڈ روبن نے مستحکم کیا بعد میں وولفس برگ کی جانب سے ایک گول اولِچ نے کیا۔

بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کے دوسرے دن کُل چھ میچ کھیلے گئے۔ ہوفن ہائیم نے آؤگس بُرگ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ ہینوور نے بھی شالکے کلب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ ہینوور کے خلاف شالکے نے پہلے برتری حاصل کر لی تھی لیکن وہ اِس سبقت کو قائم نہ رکھ سکی۔ ہیرتھا برلن اور ویردر بریمن کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ آئنٹراخت فرینکفرٹ کی ٹیم نے فرائی بُرگ کو ایک گول سے مات دی۔ رواں برس بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول سے کوالیفائی کرنے والی کولون کی ٹیم اور ہیمبرگ کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔

Bundesliga Paderborn vs Mainz 24.08.2014
پیڈربورن اور مائنز کے میچ کا ایک منظرتصویر: Reuters

بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کے دوسرے روز ڈورٹمنڈ اور بائر لیورکوزن کے درمیان میچ میں لیور کوزن نے ڈورٹمنڈ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی لیکن اِس میچ کی خاص بات جرمن فارورڈ کھلاڑی کریم بیلاربی (Karim Bellarabi) کا انتہائی تیز رفتار گول تھا۔ میچ شروع ہونے کے نو سیکنڈ میں کریم بیلاربی نے گول کر دیا جو بنڈس لیگا کی تاریخ کا سب سے تیز تیرین گول ہے۔ اِس سے قبل سن 1998 میں بائرن میونخ کے گیووانے ایلبر (Giovane Elber) اور سن 2002 میں لیور کوزن کے اُلف کِرسٹن اور سن 2003 میں پال فرائر نے بوخم کے لیے میچ شروع ہونے کے گیارہویں سیکنڈ میں گول کیے تھے۔ ہفتہ 24 اگست کو کریم بیلا ربی نے اِن ریکارڈز کو توڑ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

اتوار کے روز بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کے مزید دو میچ کھیلے گئے۔ ان میں ایک میچ اشٹُٹ گاڑٹ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے درمیان ہوا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اشٹٹ گارٹ کی ٹیم میچ جیت رہی تھی لیکن آخری منٹ میں کرسٹوف کرامر نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ سیکنڈ لیول سے اپ گریڈ ہونے والی ایک اور ٹیم پیڈربورن اور مائنز کا میچ بھی دو دو گول سے برابر رہا۔ میچ کے آخری لمحات میں پیڈربورن کے خلاف مائنز کلب کو پنلٹی کِک ملی اور اُس پر گول سے میچ برابر ہو گیا۔