1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن فلم فیسٹیول برلینالے کا آغاز آج سے

7 فروری 2013

جرمن دارالحکومت برلن میں بین الاقوامی شہرت کا حامل گیارہ روزہ فلم فیسٹیول برلینالے جمعرات سے شروع ہو گیا ہے۔ برلینالے فلمی میلے کو عالمی سطح پر اے کیٹگری کا میلہ خیال کیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/17a44
تصویر: picture-alliance/dpa

تریسٹھویں برلینالے فلم فیسٹیول کی افتتاحی فلم، مارشل آرٹ پر مبنی ’دی گرینڈ ماسٹر‘ ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار ہانگ کانگ کے وونگ کار وائی (Wong Kar Wai) ہیں اور وہ برلینالے فلمی میلے میں مقابلے میں شریک فلموں کی جیوری کے سربراہ بھی ہیں۔ میلے کے ٹاپ پرائز کے لیے کُل انیس فلمیں منتخب کی گئی ہیں۔ میلے کی بہترین فلم کو گولڈن بیئر دیا جاتا ہے۔ رواں برس کی جیوری میں ایرانی نژاد امریکی آرٹسٹ اور ہدایتکارہ شیرین نشاط بھی شامل ہیں۔

Berlinale 2013 Xe tải của bố Xe tai cua bo
میلے کے ٹاپ پرائز کے لیے کُل انیس فلمیں منتخب کی گئی ہیںتصویر: Berlinale 2013

رواں برس کم از کم تین فلموں کو خاصی وقعت حاصل ہے۔ ان میں ایک میٹ ڈیمن کی فلم پرامزڈ لینڈ (Promised Land) ہے۔ اس فلم کا موضوع گیس کی تلاش کا متنازعہ طریقہٴ کار فریکنگ (fracking) ہے، اس طریقے میں زیر زمین سخت سطح کو ایک سیال مادے سے ہائی پریشر دے کر توڑا جاتا ہے اور اس باعث جو کیمیاوی اور فزیکل آلودگی پیدا ہوتی ہے، اُسے فلم میں سمونے کی کوشش کی گئی ہے۔

دوسری فلم ادویات سازی کے مضر اثرات پر مبنی سائیڈ ایفیکٹس (Side Effects) ہے۔ اس فلم میں کیتھرین زیٹا جونز نے زوردار پرفارمنس دی ہے۔ سائیڈ ایفیکٹس فلم کے ہدایتکار اسٹیون سوڈربرگ ہیں۔ تیسری فلم کلوزڈ کرٹن ہے۔ برلینالے میں ایران کے مقید ہدایتکار جعفر پناہی کی فلم بند پردے یا کلوز کرٹن (Closed Curtain) کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ وہ اس فلم کے شریک ہدایتکار ہیں اور اس میں انہوں نے فلم سازی پر تہران حکومت کی بیس سالہ پابندی کو سمونے کی کوشش کی ہے۔

اگلے گیارہ ایام کے دوران شائقینِ فلم کو برلن شہر میں اپنے پسندیدہ فلم اسٹارز کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔ امکاناً جو اداکار برلن پہنچ رہے ہیں، ان میں ہالی ووڈ سے میٹ ڈیمن (Matt Damon)، این ہیتھاوے (Anne Hathaway) اور نکولس کیج کے نام نمایاں ہیں۔ یورپ کی اہم اداکارہ کیتھرین ڈینوو (Catherine Deneuve) اور جیوڈ لاء اہم ہیں۔ ایشیا سے ٹونی لی یُونگ، چیُو وائی اور ژانگ زی یی (Zhang Ziyi) بھی ریڈ کارپٹ پر موجود ہوں گے۔ برلینالے میں بھارتی فلم انڈسٹری بھی ذوق و شوق سے شرکت کرتی ہے۔

Priyanka Chopra
بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا گزشتہ برس برلینالے میں شریک تھیںتصویر: picture-alliance/dpa

برلینالے کے بارے میں یہ عمومی تاثر ہے کہ یہ فرانس کے کن فلمی میلے کی طرح گلیمرس اور ہوش رُبا نہیں ہوتا اور اسی طرح اس میں ٹورنٹو فلم فیسٹیول کی طرح دنیا بھر کے اداکاروں کا جھُرمٹ بھی نہیں ہوتا لیکن اس کے باوجود یہ انتہائی معتبر فلم فیسٹیول خیال کیا جاتا ہے۔ برلن فلم فیسٹیول ایک طرح سے سال کا پہلا فلمی میلہ ہوتا ہے، جس میں سال بھر کے فلمی موضوعات اور دیگر فلمی سرگرمیوں کا ایک طرح سے احاطہ کرتے ہوئے یہ بتایا جاتا ہے کہ رواں برس کے دوران فلم کے شعبے میں کیا کیا کچھ ہونے والا ہے۔ برلینالے کی ایک وجہٴ شہرت اس میلے کے دوران فلم ورلڈ کو درپیش اہم معاملات سے نمٹنا بھی ہوتا ہے۔

برلینالے فلمی میلے کے ساتھ ساتھ ایک فلم مارکیٹ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس مارکیٹ میں ساز و سامان کی پرکشش پیشکشوں کے علاوہ نئی فیچر فلموں میں سرمایہ کاری اور نمائش کے لیے تیار فلموں کی فروخت کا عمل بھی مکمل کیا جاتا ہے۔ اسی فلمی منڈی میں دنیا بھر سے بالعموم اور یورپ سے بالخصوص دستاویزی فلموں کے خالق بھی اپنی تخلیقات کے لیے گاہک تلاش کرتے ہیں۔ اسی طرح برلینالے صرف فلموں کے مقابلے کا فیسٹیول ہی نہیں ہوتا بلکہ اسے فلم ٹریڈ فیسٹیول بھی قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ برلینالے ٹیلنٹ کیمپس کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس چھتری تلے فلم سے متعلق لیکچرز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

(ah / aa ( Reuters