1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايشيا کپ کا فائنل، شائقين کی نظریں آفریدی پر

عاصم سليم8 مارچ 2014

ايشيا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل ميچ ميں آج دفاعی چيمپئن پاکستان اور سری لنکا کی ٹيميں مد مقابل ہوں گی۔ دنيا بھر ميں کرکٹ کے لاکھوں شائقين کی نظریں شاہد آفریدی پر مرکوز ہیں کہ آیا وہ اس فیصلہ کن میچ میں شرکت کر پائیں گے؟

https://p.dw.com/p/1BM41
تصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP/Getty Images

بنگلہ ديش ميں جاری ايشيا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ميں پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد خان آفريدی اب تک دو ڈرامائی اننگز کھيل چکے ہيں۔ پہلے روايتی حريف بھارت کے خلاف اٹھارہ گيندوں پر چونتيس اور پھر ميزبان بنگلہ ديش کے خلاف پچيس گيندوں پر انسٹھ زنر اسکور کر کے انہوں نے دونوں ميچوں کا تختہ پاکستان کے حق ميں پلٹ ديا تھا۔ تاہم آفريدی اپنے کولہے ميں کچھاؤ اور تکليف کے سبب جمعے کے روز ہونے والی ٹريننگ ميں حصہ نہ لے سکے اور يہی وجہ ہے کہ ٹيم انتظاميہ سميت لاکھوں شائقين يہ اميد لگائے بيٹھے ہيں کہ ’بوم بوم آفريدی‘ آج کھيلے جانے والے فائنل ميچ کے ليے بروقت صحت ياب ہو جائيں گے۔

سری لنکا کی ٹيم گروپ ميچ ميں پاکستان کو شکست سے دوچار کر چکی ہے
سری لنکا کی ٹيم گروپ ميچ ميں پاکستان کو شکست سے دوچار کر چکی ہےتصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

اس بارے ميں بات کرتے ہوئے پاکستانی قومی کرکٹ ٹيم کے مينيجر ذاکر خان نے کہا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہيں اور ميچ کے آغاز سے پہلے فيصلہ کريں گے۔ آج کے ميچ کے ليے نہ صرف شاہد آفريدی بلکہ بلے باز احمد شہزاد اور شرجيل خان سميت بالر عمر گل بھی مکمل طور پر فٹ نہيں ہيں۔ تاہم کپتان مصباح الحق پُر اعتماد ہيں اور ان کہنا ہے کہ ٹيم کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے ليے تيار ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جس طرح ٹيم اپنے آخری دو ميچ جيتی ہے، ٹيم کا حوصلہ کافی بلند ہے۔ ہم اميد کرتے ہيں کہ ہم اچھی اور مثبت انداز ميں کرکٹ کھيلتے رہيں گے۔ اگر آپ اچھا کھيليں تو نتائج آپ کے حق ميں جاتے ہيں۔‘‘

البتہ اس موقع پر مصباح الحق نے مزيد کہا کہ وہ اميد کرتے ہيں کہ شاہد آفريدی مکمل طور پر صحت ياب ہو کر اس ميچ ميں شرکت کر سکيں کيونکہ وہ نہ صرف تباہ کن بلے بازی بلکہ اپنی ليگ اسپن بالنگ کی بدولت ٹيم کے ليے ايک اہم بالر بھی ہيں۔ کپتان کے بقول اس وقت آفريدی کافی اچھی فارم ميں ہيں اور ان کی ٹيم ميں موجودگی سے جس طرح ٹيم اور مخالف ٹيم پر اثر پڑتا ہے، اسے مد نظر رکھتے ہوئے انہيں کھيلنا چاہيے۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق نے يہ بھی کہا کہ چار مرتبہ ايشيا کپ کی فاتح اور رواں ٹورنامنٹ ميں تاحال ناقابل شکست سری لنکن ٹيم کو ہرانا اتنا آسان کام نہيں ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’’سری لنکا کی ٹیم ایک مشکل ٹيم ہے، بالخصوص فائنل ميچ ميں، کيونکہ وہ ہميشہ لڑتی ہے اور بنيادی چيزيں درست کرتی ہے۔‘‘

فائنل ميچ آج بنگلہ ديش کے شہر مير پور کے شير بنگلہ اسٹيڈيم پر کھيلا جائے گا۔