1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسکاٹش ریفرنڈم: پوسٹل بیلٹ پیپرز کی تقسیم شروع

ندیم گِل27 اگست 2014

اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے ممکنہ علیحدگی کے لیے ہونے والے ریفرنڈم کے پوسٹل بیلٹس آج سے ووٹروں کو ملنا شروع ہو جائیں گے۔ اس مرحلے میں سات لاکھ ووٹرز بیلٹ پیپر وصول کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1D1cu
تصویر: Getty Images

اسکاٹ لینڈ کے باقی ووٹرز اٹھارہ ستمبر کو اس ریفرنڈم میں اپنی ’ہاں‘ یا ’نہ‘ کا فیصلہ سنائیں گے جس میں یہ سوال پوچھا گیا ہے: ’’کیا اسکاٹ لینڈ کو ایک آزاد ملک بننا چاہیے؟‘‘

اس ریفرنڈم میں زیادہ لوگوں نے ’آزادی‘ کے حق میں فیصلہ دیا تو برطانیہ کے ساتھ 1707ء سے چلے آ رہے الحاق کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ’ہاں‘ کی فتح کے نتیجے میں یوگوسلاویہ کے بکھرنے کے بعد یورپ کی پہلی آزاد ریاست کا قیام عمل میں آئے گا۔

برطانوی سیاستدانوں نے وعدہ کیا ہے کہ ریفرنڈم کا فیصلہ ’نہ‘ میں رہا تو پھر بھی اسکاٹ لینڈ کو زیادہ سے زیادہ خود مختاری دی جائے گی، بالخصوص ٹیکس وصول کرنے کے اختیار کے حوالے سے۔

اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے علیحدگی کی مہم کافی عرصے سے چل رہی ہے۔ پیر پچیس اگست کو اس کی حمایت اور م‍خالفت کرنے والے سیاستدانوں کے درمیان ایک مباحثہ بھی ہوا جس میں ’ہاں‘ کہنے والے کیمپ کے رہنما آلیکس سامنڈ حاوی رہے۔

سامنڈ اور ان کے حریف ایلسٹیئر ڈارلنگ کے درمیان مباحثے میں یہ سوال بھی اٹھا کہ آزادی کی صورت میں اسکاٹ لینڈ کونسی کرنسی استعمال کرے، تیل کے ذخائر کو کیسے استعمال کیا جائے گا اور نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کی کیا شکل ہو گی۔

Fernsehdebatte/ Schottland/ Unabhängigkeit
آلیکس سامنڈ اور ایلسٹیئر ڈارلنگتصویر: Reuters

کرنسی کے معاملے کو اسکاٹ لینڈ کے لیے ’ہاں‘ کی مہم چلانے والوں کے لیے ایک کمزور پوائنٹ کے طور پر دیکھا گیا۔ تاہم سامنڈ کا کہنا تھا کہ آزادی کی صورت میں انہیں ایک ایسا مینڈیٹ ملے گا جس کی بدولت وہ برطانیہ کے ساتھ کرنسی یونین کا مطالبہ کر پائیں گے۔ ان کے حریف ڈارلنگ کا کہنا تھا کہ اسکاٹش شناخت کا دعویٰ کرنے کے لیے برطانیہ سے علیحدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

رائے عامہ کے ایک جائزے کے مطابق اس مباحثے میں سامنڈ نے اپنے حریف اور سابق برطانوی وزیر خزانہ ایلسٹیئر ڈارلنگ کو شدید دباؤ میں رکھا۔ تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ماہرین نے سوال اٹھایا ہے کہ آیا ایک مباحثے کے دوران اچھی کارکردگی ووٹروں کو بھی اپنے حق میں کرنے میں کامیاب رہے گی؟

اسکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی آف اسٹراتھکلائیڈ کے جان کَرٹس نے ایک برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ بات چیت میں کہا: ’’کیا سامنڈ اپنے ارکان کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے ہیں، میرے خیال میں یہ سوال اور ہے۔‘‘

چھبیس اگست کو پوسٹل بیلٹ روانہ کیے جانے سے ایک ہفتہ قبل کروائے گئے رائے عامہ کے ایک جائزے کے مطابق ستاون فیصد ووٹر اسکاٹ لینڈ کو برطانیہ کے حصے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ تینتالیس فیصد اسے ایک آزاد ملک بنانے کے حق میں ہیں۔