1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کیری ترکی کو راضی نہیں کر سکے

عدنان اسحاق13 ستمبر 2014

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ آئی ایس کے خلاف امریکی منصوبے کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔ اپنے دورہ ترکی کے دوران انہوں نے کہا کہ تقریباً چالیس ممالک امریکی پالیسی کی حمایت کر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1DBeO
امریکی وزیر خارجہ اور ترک صدر ایردوآنتصویر: Reuters/K. Ozer

امریکی وزیر خارجہ جان کیری انقرہ میں ترک رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد بھی ترک قیادت کو امریکی کی سربراہی میں آئی ایس کے خلاف بننے والے اتحاد میں شامل ہونے پر رضامند کرنے میں ناکام رہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے پر امید ہیں۔ کیری کے بقول وہ مطمئن ہیں اور اسلامک اسٹیٹ کے خلاف بننے والا اتحاد بہت وسیع ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں امریکا کے ساتھ عرب ممالک اور یورپی یونین بھی شامل ہے۔ کیری نے مزید کہا کہ دیگر ممالک بھی ہر ممکن انداز میں صدر باراک اوباما کی حکمت عملی میں شریک ہوں گے۔

ترکی نے کہا ہے کہ وہ فی الحال عراق و شام میں آئی ایس کو نشانہ بنانے کے امریکی منصوبوں میں شامل نہیں ہو سکتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 49 ترک شہری آئی ایس کے قبضے میں ہیں اور اگر اس موقع پر ترکی اس تنظیم کے خلاف کسی بین الاقومی اتحاد کا حصہ بنتا ہے تو اس کے شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔ مغویوں میں ترک سفارت کار بھی شامل ہیں۔ انقرہ حکام کے بقول وہ پہلے ہی سے اس تنازعے کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہا ہے۔

John Kerry beim Treffen des Golfkooperationsrats 11.09.2014 Jeddah
اسلام اسٹیٹ کے خلاف ہونے والی جدہ میٹنگ میں کیری تقریر کرتے ہوئےتصویر: Reuters/B. Smialowski

آئی ایس کی پیش قدمی روکنے اور اس دہشت گرد تنظیم کو ختم کرنے کے موضوع پر ’عراق کانفرنس‘ اگلے ہفتے پیر کو پیرس میں ہو رہی ہے۔ فرانس نے خواہش ظاہر کی تھی کہ اس بات چیت میں ایران کو بھی شامل کیا جائے تاہم امریکا نے اس تجویز کی مخالفت کر دی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ترکی کے دورے کے دوران کہا کہ یہ مناسب نہیں ہو گا کہ ایرانی نمائندے آئی ایس کے خلاف ہونے والے مذاکرات میں شریک ہوں۔ ان کے بقول تہران حکومت نے شامی صدر بشارالاسد کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور دمشق حکومت کی وحشی کارروائیوں کی وجہ سے ہی اسلامک اسٹیٹ پروان چڑھی ہے۔ کیری نے الزام عائد کیا کہ ایران دہشت گردی کی حمایت کرنے والا ملک رہا ہے۔ ان کے بقول بشارالاسد کی ظالم حکومت کو تعاون فراہم کرنے والا کوئی ملک جہادی تنظیم کو ختم کرنے کی وکالت کرتے ہوئے اچھا نہیں لگے گا۔

دوسری جانب واشنگٹن حکام نے اعلان کیا ہے کہ ریٹائرڈ امریکی جنرل جان ایلن آئی ایس کے خلاف بین الاقومی کوششوں کی سربراہی کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق اس ذمہ داری کے لیے ایک ایسے افسر کی ضرورت ہے، جو تجربہ کار ہونے کے ساتھ ساتھ خطے سے واقف بھی ہو۔ ساٹھ سالہ ایلن مشرق وسطی سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ افغانستان میں نیٹو مشن کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس دوران جنرل ایلن عالمی سطح پر ایک اتحاد بنانے کی کوشش کرنے کے علاوہ آئی ایس کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اسے تباہ کریں گے۔ ریٹائرڈ جنرل عسکری کارروائیوں کی نگرانی نہیں کریں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید