1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی وزیر خارجہ کی قتل کی سازش میں چار فلسطینی گرفتار

افسر اعوان21 نومبر 2014

اسرائیل نے ملکی وزیر خارجہ ایوگڈور لیبرمن کو ایک ٹینک شکن راکٹ کا حملہ کر کے قتل کرنے کی سازش کے الزام میں چار فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DrA8
تصویر: Reuters

اسرائیلی حکام کے مطابق ان افراد کا منصوبہ تھا کہ لیبرمن کو مغربی کنارے مقبوضہ علاقے میں موجود ایک یہودی آبادی میں جاتے ہوئے راکٹ فائر کر کے ہلاک کیا جائے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حماس کی طرف سے یہ مبینہ منصوبہ رواں برس جولائی اور اگست میں غزہ میں ہونے والی جنگ کے دوران تیار کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کو ایک ایسے موقع پر منظر عام پر لایا گیا ہے کہ جب اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے امریکی حمایت یافتہ صدر محمود عباس کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ اس کی وجہ یروشلم میں ایک یہودی عبادت گاہ پر دو فلسطینی نوجوانوں کا حملہ ہے جس کے نتیجے میں چار یہودی معلمین جبکہ ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ دونوں فلسطینی نوجوانوں بھی پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی شِن بیٹ Shin Bet کی طرف سے جمعرات 20 نومبر کو دیر گئے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق حراست میں لیے گئے تین افراد کا تعلق حماس سے ہے اور انہوں نے دوران تفتیش اس منصوبے کا اعتراف کیا ہے۔ بیان کے مطابق ان افراد کو امید تھی کہ لیبرمن کے قتل سے اسرائیل کو ایک ایسا پیغام جاتا جو جنگ بندی کا سبب بن سکتا تھا۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان مسلح تنازعے کے نتیجے میں 2100 سے زائد فلسطینی جبکہ 73 اسرائیلی ہلاک ہوئے
اسرائیل اور حماس کے درمیان مسلح تنازعے کے نتیجے میں 2100 سے زائد فلسطینی جبکہ 73 اسرائیلی ہلاک ہوئےتصویر: DW/S. al Farra

غزہ پٹی پر کنٹرول رکھنے والی فلسطینی تنظیم حماس نے فوری طور پر ان الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ شِن بیٹ کے مطابق مشتبہ افراد پر ایک اسرائیلی فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا ہے تاہم یہ بات واضح نہیں کی کہ ان افراد نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے خلاف کوئی درخواست داخل کی ہے یا نہیں۔

حراست میں لیے جانے والے چاروں فلسطینی غزہ پٹی کے مقبوضہ علاقے میں قائم یہودی آبادی نوکڈِم سیٹلمنٹ Nokdim settlement کے قریبی رہائشی ہیں۔ اسی آبادی میں لیبرمن کا گھر موجود ہے۔ شِن بیٹ کے مطابق ان افراد نے لیبر من کے قافلے کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے علاوہ ایک راکٹ گرینیڈ حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جو اس حملے کے لیے استعمال کیا جاتا۔

اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی کے مطابق ملکی وزیر خارجہ کے قتل کی یہ سازش اس بات کی عکاس ہے کہ مغربی کنارے میں 2007ء کی خانہ جنگی کے بعد کمزور ہوجانے والی فلسطینی تنظیم اس علاقے میں طاقت حاصل کر رہی ہے اور نہ صرف اس علاقے بلکہ قریبی یروشلم کے علاقے میں بھی اپنی کارروائیاں بڑھانے کی کوششوں میں ہے۔

روئٹرز کے مطابق حماس کی طرف سے تین اسرائیلی نوجوانوں کے اغواء اور ان کے قتل کے بعد یہودیوں کی طرف سے ایک فلسطینی نوجوان کو قتل کرنے کا واقعہ رونما ہوا جو کشیدگی کا سبب بنا اور اس باعث مسلح تنازعے میں 2100 سے زائد فلسطینی جبکہ 73 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے اسرائیل اور اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے درمیان مذاکرات رواں برس اپریل میں منقطع ہو گئے تھے۔ تاہم کئی یورپی ممالک کی پارلیمان کی جانب سے ایسی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی گئی ہیں جن میں ان ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرے۔ ایسی ہی ایک قرارداد رواں ہفتے اسپین میں بھی پیش کی گئی ہے۔ جبکہ سویڈن گزشتہ ماہ کے اختتام میں فسلطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر کے یورپی یونین کا ایسا پہلا ملک بن گیا ہے۔