1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اب ’بھارت کا امیر ترین شخص‘ مکیش امبانی نہیں بلکہ...

امجد علی5 مارچ 2015

تیل کی قیمتوں میں کمی کے موجودہ عالمی رجحان کے باعث ستاون سالہ مکیش امبانی ’بھارت کے امیر ترین شخص‘ کے اعزاز سے محروم ہو گئے ہیں۔ اب یہ اعزاز ادویات بنانے والے ایک ارب پتی کو مل گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ElHz
ریلائنس انڈسٹریز کے منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی
ریلائنس انڈسٹریز کے منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانیتصویر: AP

جمرات پانچ مارچ کو یہ خبریں جریدے ’فوربز‘ کی طرف سے جاری ہونے والی اُس فہرست کے صرف تین روز بعد منظرِ عام پر آئی ہیں، جس میں مکیش امبانی کو مسلسل آٹھویں برس بھارت کی سب سے بڑی ارب پتی شخصیت قرار دیا گیا تھا۔

’فوربز‘ میگزین کی وَیب سائٹ پر امیر ترین بھارتی شہریوں کی 2015ء کی جو تازہ فہرست جاری کی گئی ہے، اُس میں بائیس ارب ڈالر کے مالک دلیپ شنگھوی کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اس فہرست میں ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کو، جن کی دولت کا اندازہ 20.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

اُنسٹھ سالہ دلیپ شنگھوی ادویات بنانے والے بڑے ادارے ’سَن فارماسیوٹیکل انڈسٹریز‘ کے مالک ہیں اور اُنہیں ’بھارت کے امیر ترین فرد‘ ہونے کی حیثیت بدھ چار مارچ کو اُن کے ادارے کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملی ہے۔

ادویات بنانے والے بڑے ادارے ’سَن فارماسیوٹیکل انڈسٹریز‘ کے مالک دلیپ شنگھوی بائیس ارب ڈالر کے مالک ہونے کے ناتے بھارت کی نئی امیر ترین شخصیت بن گئے ہیں
ادویات بنانے والے بڑے ادارے ’سَن فارماسیوٹیکل انڈسٹریز‘ کے مالک دلیپ شنگھوی بائیس ارب ڈالر کے مالک ہونے کے ناتے بھارت کی نئی امیر ترین شخصیت بن گئے ہیںتصویر: Reuters

دلیپ شنگھوی کے کاروبار میں تیز رفتاری کے ساتھ ترقی خاص طور پر گزشتہ سال سے دیکھنے میں آئی ہے، جب اُنہوں نے جاپانی کمپنی ڈائیچی سے 3.2 ارب ڈالر کے بدلے مالی مشکلات میں گھرا ہوا دوا ساز ادارہ رینبیکسی لیباریٹریز خرید لیا۔

اس غیر متوقع سودے نے بھارت کی مالی منڈیوں کو حیران کر دیا گو کچھ قانونی پیچیدگیوں کے سبب ابھی یہ سودا مکمل طور پر طے نہیں ہو سکا ہے۔

مکیش امبانی بھارت کے کاروباری مرکز ممبئی میں ایک عمارت کی ستائیس ویں منزل پر ایک ایسے شاہانہ گھر میں رہتے ہیں، جس کی مالیت کا اندازہ کم از کم ایک ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ چونکہ اُن کی ریلائنس انڈسٹریز کی آمدنی کے ایک بڑے حصے کا انحصار پٹرولیم مصنوعات اور اُن کی ریفائننگ پر ہے، اس لیے خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے عالمی رجحان نے اُن کے کاروبار کو کافی متاثر کیا ہے۔

’فوربز‘ میگزین کے اعداد و شمار کے مطابق امیر ترین شخصیات کی عالمی درجہ بندی میں دلیپ شنگھوی 37 ویں جبکہ مکیش امبانی 42 ویں نمبر پر ہیں۔

دنیا کی ایک سو امیر ترین شخصیات میں جو دیگر تین بھارتی شہری شامل ہیں، اُن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ادارے وائپرو کے مالک عظیم پریم جی بھی شامل ہیں، جو دنیا کی سینتالیس ویں امیر ترین شخصیت ہیں۔

اس عالمی فہرست میں HCL ٹیکنالوجیز کے بانی شِو نادر کا نمبر تریسٹھ واں ہے جبکہ فولاد کی صنعت میں نمایاں نام و مقام رکھنے والے لکشمی متل چوراسی ویں نمبر پر ہیں۔