1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسکر ایوارڈز: بہترین غیر ملکی زبان کی فلم، پاکستانی فلم خارج

عابد حسین21 دسمبر 2013

رواں برس کے لیے بین الاقوامی فلمی صنعت کے معتبر ترین ایوارڈز کے لیے نو غیر ملکی فلموں کو شارٹ لِسٹ کیا گیا ہے۔ پاکستان کی فلم ’’ زندہ بھاگ‘‘ ان نو فلموں میں جگہ نہیں بنا سکی۔

https://p.dw.com/p/1AeQV
تصویر: Reuters

آسکر ایوارڈز کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کی کیٹگری کے لیے ابتدائی طور پر نو فلموں کو شارٹ لِسٹ کیا گیا ہے۔ اِس لِسٹ میں کئی اہم فلموں کو شامل نہیں کیا گیا اور اِس پر ناقدین کی طرف سے حیرت کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔ شارٹ لِسٹ کی جانے والی فلموں میں فلسطینی، ڈنمارک، بیلجیم، کمبوڈیا، جرمنی، ہنگری، اٹلی اور ہانگ کانگ کے ہدایتکاروں کی بنائی گئی فلمیں شامل ہیں۔ کئی فلموں کے بارے میں خیال کیا گیا تھا کہ وہ یقینی طور پر منتخب ہو جائیں گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔

Oscars 2013 Oscarverleihung Fotografen
بین الاقوامی فلمی صنعت میں آسکر کو معتبر ترین ایوارڈ تصور کیا جاتا ہےتصویر: Getty Images

شارٹ لسٹ سے خارج ہونے والی فلموں میں سب سے نمایاں نام سعودی عرب کی خاتون ہدایتکارہ کی پہلی فلم ’’ وجدہ‘‘ ہے۔ وجدہ کو سعودی عرب کی خاتون ہدایتکارہ حیفہ المنصور نے تخلیق کیا تھا۔ آسکر ایوارڈز کے لیے پہلی مرتبہ سعودی عرب سے کسی فلم کو نامزدگی حاصل ہوئی تھی۔ اِس فلم میں ایک بچی کی طرف سے سائیکل کے حصول کی کوششوں کو سمویا گیا ہے۔ یہ پوری فلم خلیجی ریاستوں میں فلمائی گئی تھی۔ اِس فلم کو دبئی فلم فیسٹول میں بہترین عربی فیچر فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ رواں برس مارچ میں ہونے والے فرانس کے کن فلمی میلے میں بھی ’’وجدہ‘‘ فلم کو خصوصی پرائز سے نوازا گیا تھا۔

گزشتہ پچاس برسوں میں پہلی بار پاکستان کی جانب سے نامزد کی جانے والی فلم بھی شارٹ لسٹ کے دوران خارج ہو گئی ہے۔ پاکستانی فلم کا نام ’’زندہ بھاگ‘‘ ہے۔ پاکستانی فلم کی ہدایتکاری مینو گور اور فرجاد نبی نے کی تھی۔ اِس فلم میں نصیر الدین شاہ اور پاکستانی ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اِس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔ ایران کے مشہور ہدایتکار اصغر فرہادی کی فلم دی پاسٹ بھی خارج ہو گئی ہے۔ فرہادی کو اسی کیٹگری میں سن 2012 میں بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔

Die Oscar Statue
چھیاسویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب دو مارچ کو امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کی جائے گیتصویر: Getty Images

جو نو غیر ملکی زبان کی فلمیں منتخب ہوئی ہیں، اب وہ شارٹ لسٹ کے ایک اور مرحلے سے گزریں گی اور حتمی یعنی ایوارڈ کے لیے پانچ فلموں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ڈنمارک کی دی ہنٹ فلم کو تھوماس ونٹربرگ نے تخلیق کیا ہے۔ ہانگ کے ہدایتکار وونگ کار وائی کی فلم دی گرینڈ ماسٹر ہے۔ اٹلی کے ہدایتکار پاؤلو سورینٹینو کی فلم دی گریٹ بیوٹی خاصی اہم فلمیں خیال کی جا رہی ہیں۔ اِن فلموں کے بارے میں ناقدین کا خیال ہے کہ کوئی ایک بہترین غیرملکی زبان کی فلم کا ایوارڈ جیت سکتی ہے۔

اِن نو فلموں کا انتخاب اکتوبر میں کی جانے والی 76 فلموں کو دیکھنے کے بعد ابتدائی کمیٹی نے کیا ہے۔ فلموں کی شارٹ لسٹ کے لیے ابتدائی کمیٹی کو اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹ اینڈ سائنسز کی جانب سے تشکیل دیا گیا تھا۔ آسکر ایوارڈز کی تقسیم کا اہتمام بھی یہی ادارہ کرتا ہے۔ دنیا کے معتبر ترین ایوارڈز کی تمام کیٹگریوں کے لیے تمام نامزدگیوں کا اعلان سولہ جنوری سن 2014 کو کیا جائے گا۔ چھیاسویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب دو مارچ کو امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کی جائے گی۔