1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹريلوی جزيرے پر جہاز گر کر تباہ، تين امريکی فوجی ہلاک

27 اگست 2023

اتوار کو آسٹريلیا کے شمال ميں ايک جزيرے پر جنگی مشقوں کے دوران ايک امريکی جہاز گر کر تباہ ہو گيا۔ اس واقعے ميں کم از کم تين امریکی مرين ہلاک اور تیئیس ديگر زخمی ہو گئے۔ واقعے کی تفتيش شروع کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4VcUb
Australien Darwin | US Militärflugzeug abgestürzt
تصویر: /AUSTRALIAN BROADCASTING CORPORATIONREUTERS

آسٹريليا کے شمالی حصے ميں ايک جزيرے پر اتوار کی صبح امريکی مرين کور کا ايک ہوائی جہاز گر کر تباہ ہو گيا، جس کے نتيجے ميں تين مرينز ہلاک اور بيس ديگر زخمی ہو گئے۔ 'بيل بوئنگ V-22 اوسپرے‘ طرز کا طيارہ ميلول جزيرے پر تباہ ہوا۔ زخميوں کو 80 کلوميٹر دور واقع آسٹريلوی شہر ڈارون پہنچايا گيا۔ زخميوں ميں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔ يہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے کے قريب پيش آيا۔

Australien Darwin | US Militärflugzeug abgestürzt
تصویر: /AUSTRALIAN BROADCASTING CORPORATIONREUTERS

امريکی ميرينز کی جانب سے جاری کردہ ايک بيان ميں اس واقعے کی تصديق کرتے ہوئے کہا گيا کہ ريسکيو اور ريکوری کی سرگرمياں جاری ہيں۔ حادثے کی وجہ کے تعين کے ليے تفتيش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

روس اور وسطی ایشیائی ممالک کی فوجی مشقین

کم جونگ اُن چين ميں، امريکا و جنوبی کوريا کی جنگی مشقيں معطل

جزیرہ نما کوریا پر ’سب سے بڑی‘ فضائی مشقوں کا آغاز

آسٹريلوی شمالی علاقہ جات کے پوليس کمشنر مائيکل مرفی نے بتايا کہ اس جہاز پر سوار بقيہ ميرينز کو لانے کے ليے ہيلی کاپٹرز اور ديگر چھوٹے جہاز روانہ کيے جا چکے ہيں۔ علاقے کی چيف منسٹر نتاشا فائلز کے بقول يہ ايک حولناک حادثہ تھا۔ انہوں نے يہ بھی بتايا کہ زخميوں کا ڈارون کے ہسپتال ميں علاج جاری ہے۔

آسٹريلوی وزير اعظم انتھونی البانيز نے بتايا کہ اس واقعے ميں صرف امريکی فوجی زخمی ہوئے ہيں۔ يہ واقعہ ستائيس اگست کو 'ايکسرسائز پريڈيٹرز رن‘ نامی جنگی مشقوں کے دوران پيش آيا، جس ميں امريکا، آسٹريليا، انڈونيشيا، فلپائن اور مشرقی تيمور کی افواج حصہ لے رہی ہيں۔ تقريباً ڈھائی ہزار فوجی ان مشقوں ميں شريک ہيں۔

آسٹريلوی وزير اعظم نے مزيد بتايا کہ ان کی حکومت اور محکمہ دفاع کی مکمل توجہ اس پر ہے کہ واقعے سے نمٹنے ميں ہر ممکن مدد اور تعاون کی فراہمی کو يقينی بنايا جائے۔

ڈارون ميں اس وقت تقريباً ڈيڑھ سو امريکی فوجی تعينات ہيں جبکہ سالانہ بنيادوں پر ڈھائی ہزار فوجیوں کا وہاں تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔ کريش ہونے والا  'بيل بوئنگ V-22 اوسپرے‘ طرز کا طيارہ آج  اس جزيرے کی جانب روانہ ہوا تھا۔

ع س / ک م (اے پی)