1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

آپ کی بات آپ کے ساتھ

ڈوئچے ویلےشعبہء اردو: غیر جانبدارانہ صحافت کے 45 برس

ڈوئچے ویلے کا شعبہ اردو 45 سال قبل قائم کیا گیا تھا۔ اس وقت یہ شعبہ 30، 30 منٹ دورانیے کے تین اردو پروگرام روزآنہ نشر کرتا ہے۔

ڈوئچے ویلے ہر روز درجنوں مختلف پروگراموں میں سامعین کو دنیا بھر کے تازہ ترین حالات و واقعات سے آگاہ کرتا ہے

ریڈیو ڈوئچے ویلے کی اردو نشریات کا آغاز 14 اگست1964ء کو ہوا۔ ان دنوں ان کا دورانیہ 15 منٹ تھا۔ محض چند اراکین پر مشتمل ٹیم نے پروگرام پیش کرنے شروع کئے اور بعد میں اسی پروگرام کا وقت بڑھا کر 45 منٹ کر دیا گیا۔

ہماری یہ کوششیں مسائل حاضرہ، مقصدیت اور اظہار رائے کی آزادی کے مسلمہ صحافیانہ اصولوں کے تحت عمل میں لائی جاتی ہیں

ستمبر2001ء میں امریکہ پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد بدلتے ہوئے عالمی حالات و واقعات اور جنوبی اور وسطی ایشیا کی صورت حال کے پیش نظر پہلی مرتبہ دوسری مجلس کا آغاز بھی کیا گیا، جس کے بعد ڈوئچے ویلے اردو کی نشریات کے دورانیےکو پون گھنٹے سے بڑھ کر سوا گھنٹہ اور پھر ڈیڑھ گھنٹہ کر دیا گیا۔ یہ نشریات نہ صرف پاکستان اورشمالی ہندوستان بلکہ دنیاکے دیگر متعدد علاقوں میں بھی سنی جاتی ہیں۔ اس کا ثبوت وہ ہزاروں خطوط، ای میلز اور ایس ایم ایس پیغامات ہیں، جو شعبہء اردو کو پاکستان، بھارت اور دنیا کے دیگر حصوں سے موصول ہوتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے متعدد شہروں میں قائم لسنرز کلب اردو نشریات کا تنقیدی جائزہ لے کر شعبہء اردو کوباقاعدہ رپورٹیں بھی ارسال کرتے ہیں۔

ڈوئچے ویلے کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ سامعین کو ان کے اپنے علاقے کے حالات سے معروضی انداز میں آگاہ کیا جائے۔ جنوبی ایشیا کے حالات و واقعات کا جائزہ پیش کرتے وقت اخبارات اور خبررساں ایجنسیوں کے علاوہ نامہ نگاروں کی رپورٹوں سے بھی استفادہ کیا جاتا ہے۔

دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں خطوط اور ای میلز ڈوئچے ویلے اردو کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں

ڈوئچے ویلے کی نشریات میں سب سے پہلے شامل ہونے والی ایشیائی زبان بھاسا انڈونیشیا تھی۔ اس کے فورا بعد ہی اردو، ہندی اور چینی زبان مندرین کے پروگرام شروع کئے گئے، جو آج ہماری اہم ترین نشریات میں شمار کیے جاتے ہیں۔ بعد میں بنگلہ زبان کے پروگراموں کا اضافہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سنسکرت پروگرام کا ذکر بھی ضروری ہے، جو اگرچہ مہینے میں صرف دو بار پیش کیا جاتا تھا تاہم ہندوستان اور وفاقی جمہوریہء جرمنی کے درمیان قریبی ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتا تھا۔ ایشیا کے لئے نشر ہونے والے پروگراموں کا بیشتر حصہ خبروں، تبصروں، رپورٹوں اور انٹرویوز پر مشتمل ہوتا ہے۔ ڈوئچے ویلے سے ہمارے جو پروگرام نشر کئے جاتے ہیں، اُن کا مقصد نہ صرف غیر جانبداری کے ساتھ صحیح اطلاعات بلکہ تفریح کا سامان بھی فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ایشیا اور جرمنی کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے، باہمی مفاہمت کو ترویج دی جائے اور دوسرے ملکوں کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو بہتر بنایا جائے۔

ڈوئچے ویلے ہر روز درجنوں مختلف پروگراموں میں سامعین کو دنیا بھر کے تازہ ترین حالات و واقعات سے آگاہ کرتا ہے۔ علاوہ ازیں سامعین کو ان کے خطے کے حالات سے بھی باخبر رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ڈوئچے ویلے کے منشور کے مطابق دنیا کے اہم ترین مسائل کے بارے میں ہم جرمن نقطہء نظر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہماری یہ کوششیں مسائل حاضرہ، مقصدیت اور اظہار رائے کی آزادی کے مسلمہ صحافیانہ اصولوں کے تحت عمل میں لائی جاتی ہیں۔ ہم یہ کوشش بھی کرتے رہتے ہیں کہ وفاقی جمہوریہء جرمنی کی سیاسی، ثقافتی اور معاشرتی زندگی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرتے ہوئے اطلاعات و خیالات کے آزادانہ تبادلے میں اپنا کردار ادا کر سکیں تاکہ اس طرح امن اور مفاہمت کو فروغ دیا جا سکے۔

شعبہ اردو کی ٹیم کے کچھ ارکان

ڈوئچے ویلے کو ہر سال سامعین کی طرف سے لاکھوں خطوط اور ای میلز موصول ہوتے ہیں اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہماری کوششیں دنیا بھر میں دلچسپی اور استحسان کی نظروں سے دیکھی جاتی ہیں۔ ڈوئچے ویلے وفاقی جرمن قانون کے مطابق ایک آزاد ریڈیوا سٹیشن ہے اور یہ اپنی شارٹ ویو نشریات کے ذریعے بیرون ملک سننے والوں کے لئے جرمنی کی سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی زندگی کی مکمل تصویر پیش کرتا ہے ۔

یولیش میں ہمارے نو ٹرانسمیٹر ہیں، جن میں ہر ایک سو سو کلو واٹ کا ہے اور ورٹاخ ٹال میں آٹھ ٹرانسمیٹر ہیں، جو پانچ پانچ سو کلو واٹ کے ہیں۔ ان کا کام سامعین تک صاف ستھری آواز میں پروگرام پہنچانا ہے اور ان کے علاوہ روانڈا، پرتگال، مالٹا، انٹیگوا اور سری لنکا میں ڈوئچے ویلے کے ریلے سٹیشن ہیں، جو جرمنی سے پروگرام وصول کر کے اور زیادہ قوت کے ساتھ اِنہیں سامعین تک پہنچاتے ہیں۔

ڈوئچے ویلے ٹرانسکرپشن سروسز سے بھی استفادہ کرتا ہے تاکہ دُنیا میں زیادہ سے زیادہ سننے والوں تک ہمارا پروگرام پہنچ سکے ۔ ٹرانسکرپشن سروس ریڈیو، بہت سے ملکوں میں آٹھ سو سے زیادہ ریڈیو سٹیشنوں کو ریکارڈ شدہ پروگرام مہیا کرتی ہے اور ٹرانسکرپشن سروس ٹیلی ویژن، ٹرانسٹیل جرمن ٹیلی ویژن کے منتخب پروگراموں کو ترتیب دیتی ہے اور پھر یہ پروگرام مختلف غیر ملکی ٹیلی ویژن اسٹیشنوں کو بھیجے جاتے ہیں۔ اِن میں سے بیشتر ممالک تیسری دنیا میں ہیں۔

انٹرنیٹ پر بھی ہم نے اپنے سامعین اور دلچسپی رکھنے والے دیگر خواتین و حضرات کے لیے اپنی نشریات سے متعلقہ معلومات اردو میں بھی پیش کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ڈوئچے ویلے اردو کی ویب سائٹ تیز رفتاری سے مقبولیت حاصل کرتی جا رہی ہے۔

ڈوئچے ویلے آئندہ بھی آپ کی فرمائشوں، مشوروں اور تنقید کا خیر مقدم کرتا رہے گا۔ اگر آپ کوئی تجویز پیش کرنا چاہتے ہوں تو ہمیں خط، ای میل یا پھر ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع فرمائیں۔

ڈوئچے ویلے شعبہء اردو

اس کیٹیگری سے مزید