1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

آپ کی بات آپ کے ساتھ

ڈوئچے ویلےکا ویب سائٹ مقابلہ، ایک ماہ کے تربیتی قیام کے لئے جرمنی آنے کا موقع

جرمنی کا بین الاقوامی نشریاتی ادارہ ڈوئچے ویلے بڑی خوشی سے یہ اعلان کرتا ہے کہ اس نے پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کے لئے ایک نئے اور بہت دلچسپ مقابلے کا اہتمام کیا ہے۔

اس مقابلےمیں ان تینوں ملکوں کے وہ طلبہ وطالبات بھی حصہ لے سکتے ہیں جو بیرون ملک تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس بہت پرکشش مقابلے کا محور انٹر نیٹ کا ایک ایسے میڈیم کے طور پر ابھر کر سامنے آنا ہے جو آج کی نوجوان نسل کی زندگی میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور جس کے اس کردار میں آئندہ اور بھی اضافہ ہوگا۔

اس مقابلے میں حصہ لینے کے خواہش مند طلبہ و طالبات کو ڈوئچے ویلے کی مندرجہ ذ یل ویب سائٹس میں سے کسی ایک سائٹ کی کم ازکم چھ ماہ تک وقفے وقفے سے لیکن باقاعدگی کے ساتھ مانیٹرنگ کرنا ہوگی جس کے بعد ان میں سے ہر کسی کو اپنے مشاہدات اور ان سے اخذ کئے گئے نتائج کو ایک تحریری رپورٹ کی شکل میں مرتب کرنا ہوگا۔ اس رپورٹ کے مندرجات متعلقہ ویب سائٹ کی خوبیوں اور خامیوں کی تفصیلات پر مبنی ہونا چاہیئں جن کے آخر میں اس بارے میں تجاویز بھی رپورٹ میں شامل ہوں کہ اس ویب سائٹ کو کیسے مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے درج ذیل نکات کو مد نظر رکھنا لازمی ہوگا:

۔ خبروں اور ویب سائٹ پر مہیا کی گئی معلومات کا انتخاب

۔ موضوع کی مناسبت

۔ قارئین کے طور پر انٹر نیٹ صارفین کے لئے ان کی اہمیت

۔ ویب سائٹ کو پیش کرنے کا انداز

۔ متعلقہ ویب سائٹ پر سامعین کے لئے دستیاب لائیوسٹریم ریڈیونشریات کا معیار

۔ صارفین کے لئے انٹرایکشن کے امکانات

۔ پوڈکاسٹنگ، RSS فیڈز، widgets اور ایسی ہی دیگر اضافی سہولیات

متعلقہ ویب سائٹ کے حوالے سے تحریری مشاہدات کے لئے یہ بھی لازمی ہو گا کہ جن موضوعات کے بارے میں بات کی جائے، ان سے متعلق معلومات کی اشاعت کی تاریخ اور وقت کا حوالہ بھی دیا جائے اور کوئی بھی رپورٹ مجموعی طور پر پانچ صفحات سے زیادہ طویل نہ ہو۔ یہ رپورٹ اسی زبان میں لکھی ہونی چاہیئے جس زبان کی ڈوئچے ویلے کی ویب سائٹ کو متعلقہ طالب علم یا طالبہ نے مانیٹر کیا ہو۔ مقابلے میں شمولیت کے خواہش مند تمام افراد کے لئے لازمی ہے کہ وہ اردو، ہندی یا بنگلہ میں سے کسی ایک زبان پر مکمل عبور رکھتے ہوں۔

ڈوئچے ویلے کی جنوبی ایشیا کے لئے ویب سائٹس کے پتے:

www.dw-world.de/bengali

www.dw-world.de/hindi

www.dw-world.de/urdu

شہر بون میں ڈوئچے ویلے کی عمارت

اس مقابلے کے فاتح شرکت کنندہ کا انتخاب درخواست دہندگان کی ایک شارٹ لسٹ میں سے کیا جائے گا۔ شرکت کنندگان کی ارسال کردہ رپورٹوں کے تفصیلی جائزے کے بعد بننے والی شارٹ لسٹ میں شامل امیدواروں کو موقع دیا جائے گا کہ وہ ایک ٹیلی فون کانفرنس کے ذریعے، حتمی فیصلہ کرنے والی غیر جانبدار جیوری کے ارکان کو اپنے اپنے مئوقف کا قائل کرسکیں۔ اس مقابلے کے فاتح طالب علم یا طالبہ کو دعوت دی جائے گی کہ وہ جرمنی کے شہر بون میں ڈوئچے ویلےکی ساؤتھ ایشیا سروس کے اردو، ہندی یا بنگلہ شعبے کے ساتھ ایک زیر تربیت صحافی کے طور پرایک ماہ تک کام کرسکے۔ انعام جیتنے والے امیدوار کے جرمنی آنے جانے اور بون میں رہائش کے علاوہ روزمرہ کے اخراجات ڈوئچے ویلے ادا کرے گا۔

مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش یا کسی دوسرے ملک میں کسی یونیورسٹی یا ایسے ہی کسی دوسرے ادارے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہوں۔ اس مقابلے میں بون میں ڈوئچے ویلے کے لئے کام کرنے والے افراد کے کسی بھی رشتہ دار کو حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ شرکت کنندگان کی درخواستیں اور تجزیاتی رپورٹیں وصول کرنے کی آخری تاریخ یکم ستمبر 2009 ہے اور یہ درخواستیں مندرجہ ذیل پتے پر بھیجی جانا چاہیئں:ِ

Deutsche Welle

The Head of the South Asia Department

Mr. Grahame Lucas

Kurt-Schumacher-Strasse 3

53110 Bonn

Germany

یہ درخواستیں اٹیچمینٹ کے طور پر ای میل کے ذ‌ریعے بھی بھیجی جاسکتی ہیں:

urdu@dw-world.de

اس کیٹیگری سے مزید