1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاپائے روم کے سابق خانساماں کو اٹھارہ ماہ قید کی سزا

Imtiaz Ahmad6 اکتوبر 2012

ویٹیکن عدالت نے پاپائے روم بینیڈکٹ شانزدہم کے سابق خانساماں پاؤلو گابریئلے کو اٹھارہ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ مثالی خادم کا درجہ رکھتے والےگابریئلے پر ویٹیکن کی اہم دستاویزات افشا کرنے کا الزام تھا۔

https://p.dw.com/p/16Lfj
تصویر: Reuters

ویٹیکن عدالت کے تین ججوں پر مشتمل پینل کے مطابق پاؤلو گابریئلے پوپ کی ذاتی دستاویزات کی چوری اور انہیں صحافیوں تک پہنچانے جیسے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں اٹھارہ ماہ قید کی سزا کے ساتھ ساتھ مقدمے پر اٹھنے والے اخراجات بھی ادا کرنا ہوں گے۔

وکیل استغاثہ کا کہنا تھا کہ گابریئلے کو تین برس قید کی سزا سنائی جائے جبکہ وکیل دفاع کا کہنا تھا کہ ان کے اس اقدام کو ’سنگین چوری‘ کے بجائے ’خیانت‘ قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کیا جائے۔

گابریئلے کا ہفتے کے روز کہنا تھا کہ انہوں نے جو کچھ بھی کیا ہے وہ کیتھولک چرچ کی محبت میں کیا ہے، ’’جو چیز میں سب سے زیادہ محسوس کرتا ہوں وہ یہ ہے کہ میں نے جوعمل کیا وہ مسیح اور زمین پر اس کے نمائندوں کی محبت میں کیا ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ میں چور ہوں‘‘۔

Vatileaks Prozess
تصویر: Reuters

اس فیصلے کے فوری بعد ویٹیکن کے ترجمان فریڈریکو لومبارڈی کا کہنا تھا کہ ’کافی امکان‘ ہیں کہ پوپ گابریئلے کو معاف کر دیں گے۔

چھیالیس سالہ گابریئلے نے اس وقت ویٹیکن کی چھوٹی سی کمیونٹی کو ہلا کر رکھ دیا تھا، جب انہوں نے اپنے گناہ کا اعتراف کرتے ہوئے ویٹیکن کی اہم دستاویزات افشا کردیں۔ ان کے اس عمل کے باعث لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ انہوں نے ایسا کر کے اپنی آزادی کو خطرے میں کیوں ڈالا ؟

گابریئلے کی جانب سے افشا کی گئی معلومات میں ویٹیکن کے ٹیکسوں کے مسائل سے متعلق امور، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات اور باغیوں کے ساتھ چرچ کے مذاکرات جیسے مبینہ راز شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بات ابھی طے نہیں ہے کہ پاؤلو گابریئلے نے یہ قدم چرچ کی محبت میں اٹھایا یا پھر وہ ایک بڑی سازش کا حصہ بنے، جس کا مقصد ویٹیکن کی طاقتور شخصیات کو ان کے عہدوں سے ہٹوانا تھا۔

تین بچوں کے والد پاؤلو گابریئلے ایک انتہائی ایماندار اور کم گو شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ وہ ان چند لوگوں میں سے ایک تھے جن کو پاپائے روم بینیڈکٹ شانزدہم کے نجی کمروں تک رسائی حاصل تھی اور جو پوپ کے صبح سو کر اٹھنے سے رات کو خوابیدہ ہونے تک کے معاملات سے واقف تھے۔ ’پاؤلیٹو‘ کے نام سے مشہور،گابریئلے سن دو ہزار چھ سے پوپ بینیڈکٹ کے ساتھ تھے اور انہیں پوپ کے دوروں کے موقع پر پوپ کے ہمراہ دیکھا جاتا تھا۔

ia /ij (AFP,dpa)