1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی شکست، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں

5 اکتوبر 2012

سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو 16 رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ دوسرا سیمی فائنل آج جمعہ کے روز آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/16KtH
تصویر: Reuters

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا سیمی فائنل جمعرات کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا گیا۔ سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن ٹیم نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 139رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان مہیلا جے وردھنے نے 42 رنز بنائے جبکہ دلشان نے 35۔ میزبان ٹیم کی جانب سے دیگر بیٹسمین ایسی کارکردگی نہ دکھا سکے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 123رنز‍ بنائے۔ پاکستان کی جانب سے بھی کپتان محمد حفیظ نے 42 رنز بنائے جبکہ باقی کھلاڑیوں کے لیے رنز بنانے کا مرحلہ کٹھن رہا۔

فتح کے بعدازاں جے وردھنے نے کہا: ’’میرا خیال ہے کہ ہم تقریباﹰ 15 رنز پیچھے رہے، اگرچہ ایسی وکٹ پر 140 کا ہدف بھی ٹھیک تھا۔ ہم نے فیلڈنگ کے دوران کچھ غلطیاں کیں لیکن ان کا ہمیں زیادہ نقصان نہیں ہوا۔‘‘

پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کی اننگز کے وسط میں متواتر وکٹیں گرنا شکست کا باعث بنا۔ انہوں نے کہا: ’’پارٹنرشپ کا نہ بن پانا مایوس کن تھا کیونکہ اس پِچ پر 140 کا ہدف یقینی طور پر قابل رسائی تھی۔‘‘

Cricket Twenty20 World Cup Sri Lanka Pakistan
پاکستانی کھلاڑی ناصر جمشیدتصویر: Reuters

انہوں نے مزید کہا: ’’اس کے باوجود مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے کیونکہ بحیثیت ٹیم ہم ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلے۔ اگر کسی چیز کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تو وہ ہدف کا پیچھا کرنے کا طریقہ ہے۔‘‘

سری لنکا کے لیے ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پہنچنے کا یہ دوسرا موقع ہے۔ پہلی مرتبہ اس نے 2009ء میں لارڈز کے میدان میں پاکستان کے خلاف اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا تھا، جس میں اسے شکست ہوئی تھی۔

جمعے کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں سری لنکا کا سامنا کرے گی جو اتوار کو ہوگا۔

دوسری جانب پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل پر اس میچ میں ایمپائرز کی بات نہ ماننے کی پاداش میں 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 17ویں اوور میں پیش آیا۔ اس وقت عمر اکمل نان اسٹرائیکر اینڈ پر تھے جب وہ میدان میں موجود دونوں ایمپائروں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے دستانے تبدیل کرنے چلے گئے۔

میچ ریفری Jeff Crowe کا کہنا ہے: ’’ایمپائروں کا احترام لازمی جزو ہے جس پر ہم ہمیشہ زور دیتے ہوئے اور ایسا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘‘

ng / aba (AFP)