1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سام سنگ کا نیا اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ ٹو

Afsar Awan26 ستمبر 2012

سام سنگ نے اپنا ’اوور سائز‘ اسمارٹ فون گلیکسی ٹو کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔ ایپل کے آئی فون فائیو کی فروخت شروع ہونے کے محض ایک ہفتے بعد متعارف کرایا جانے والا گلیکسی نوٹ ٹو دراصل ایپل فون کا مقابلہ کرنے کی کوشش ہے۔

https://p.dw.com/p/16FdY
تصویر: picture-alliance/ZB

ایپل کمپنی کے آئی فون فائیو کے پہلے ہی ہفتے میں 50 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایپل کا مقابلہ کرنے کے لیے سام سنگ محض ایک کی بجائے صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ پراڈکٹس مارکیٹ میں لا رہا ہے۔

گلیکسی نوٹ گزشتہ برس نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا
گلیکسی نوٹ گزشتہ برس نومبر میں متعارف کرایا گیا تھاتصویر: picture alliance/dpa

جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ گلیکسی نوٹ ٹو بہت جلد امریکا سمیت دنیا کے 128 ممالک میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

گلیکسی نوٹ ٹو سام سنگ کے معروف گلیکسی ایس کے مقابلے میں سائز میں کچھ بڑا ہے۔ اس کے ساتھ ایس پین 'S pen' بھی فراہم کیا گیا ہے جس کی مدد سے صارف اپنی اسکرین پر نہ صرف نوٹس تحریر کر سکتا ہے بلکہ ڈرائنگ بھی کر سکتا ہے۔

سام سنگ کے موبائل یونٹ کے سربراہ جے کے شِن J.K. Shin کے مطابق، ’’ہمیں یقین ہے کہ گلیکسی نوٹ ٹو کی فروخت پہلے تین ماہ کے دوران اس کے گزشتہ ورژن کی فروخت کے مقابلے میں دو گنا ہو گی۔‘‘

دنیا کے ٹاپ اسمارٹ فون مینوفیکچرر سام سنگ کی طرف سے گلیکسی نوٹ گزشتہ برس نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک اس کے 10 ملین یونٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ جبکہ رواں برس مئی کے آخر میں متعارف کرائے جانے والے سام سنگ کے معروف ترین اسمارٹ فون گلیکسی ایس تھری کے اب تک 20 ملین سے زائد یونٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

آئی فون فائیو کے پہلے ہی ہفتے میں 50 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے ہیں
آئی فون فائیو کے پہلے ہی ہفتے میں 50 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے ہیںتصویر: REUTERS

شِن کا گلیکسی نوٹ کے حوالے سےکہنا تھا، ’’عالمی مارکیٹ میں اس نئی پراڈکٹ کیٹیگری کے لیے جگہ بنانے میں کچھ وقت ضرور لگا، مگر اب ہمیں ماضی کے مقابلے میں صارفین کا زیادہ بہتر رد عمل مِل رہا ہے۔‘‘

گلیسکی نوٹ ٹو میں گوگل کا اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔ اس میں 1.6 گیگاہرٹز کا کواڈ کور پروسیسر نصب کیا گیا ہے جو نہ صرف گزشتہ ڈوئل کور کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور ہے بلکہ اس میں ایک ہی وقت میں کئی ایک ایپلیکیشنز استعمال کی جا سکتی ہیں۔

Galaxy Note II کی ٹچ اسکرین کا سائز 5.5 انچ ہے
Galaxy Note II کی ٹچ اسکرین کا سائز 5.5 انچ ہےتصویر: picture-alliance/ZB

اس فون کی لمبائی 15.1 سینٹی میٹر (5.9 انچ)، چوڑائی 8 سینٹی میٹر جبکہ موٹائی 9.4 ملی میٹر ہے۔ اس کی ٹچ اسکرین کا سائز 5.5 انچ ہے۔ اس میں اسکرین کو دو حصوں میں تقسیم کرکے بیک وقت دو پروگرام دیکھنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

سام سنگ کے موبائل یونٹ کے سربراہ جے کے شِن J.K. Shin کے مطابق، ’’ آپ اپنی ای میل چیک کرتے ہوئے چیٹ میسجز کا جواب بھی دے سکتے ہیں یا بیک وقت ویڈیو کانفرنس بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔ یا پھر کسی اہم مقرر کی ویڈیو تقریر دیکھتے ہوئے بیک وقت نوٹس بھی لے سکتے ہیں۔‘‘

گلیکسی کی طرف سے اپنی نئی پراڈکٹ کو ایک ایسے وقت پر لانچ کیا گیا ہے کہ جب اہم اسمارٹ فون مینوفیکچررز کی جانب سے یکے بعد دیگرے اپنے نئے ماڈلز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

ایپل کے آئی فون کے علاوہ، سام سنگ کے نسبتاﹰ چھوٹے مدمقابل ایل جی الیکٹرونکس کی طرف سے بھی گزشتہ ہفتے Optimus G بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ ایل جی کو امید ہے کہ وہ رواں برس اپنے 80 ملین اسمارٹ فون فروخت کرنے کے ہدف کو حاصل کر لے گی۔

aba/ia (AFP)