1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی فون فائیو: انتظار تمام ہوا

13 ستمبر 2012

ایپل نے آئی فون فائیو متعارف کروا دیا ہے۔ نیا آئی فون پہلے کے ورژن کے مقابلے میں زیادہ ہلکا، پتلا اور کارکردگی کے لحاظ سے زیادہ طاقتور ہے۔

https://p.dw.com/p/167er
تصویر: AFP/Getty Images

ایپل کی جانب سے آئی فون فائیو بدھ کو سان فرانسسکو میں ایک تقریب کے دوران متعارف کروایا گیا ہے۔ اس موقع پر ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹِم کُک کا کہنا تھا کہ یہ تعارفی تقریب آئی فون کی تاریخ میں سب سے اہم ہے۔

اس امریکی کمپنی نے اپنے نئے فون کو ’دنیا کا پتلا ترین سمارٹ فون‘ قرار دیا ہے۔ آئی فون فور ایس کے مقابلے میں یہ 18 فیصد پتلا اور 20 فیصد ہلکا ہے۔

اس تقریب کے موقع پر ایپل کے مارکیٹنگ چیف فِل شِلر کا کہنا تھا: ’’نیا آئی فون ایک مکمل نگینہ ہے۔ اس پراڈکٹ کا سافٹ ویئر اور انجنیئرنگ ہماری ٹیم کے لیے اب تک کا سے سب سے چیلنجنگ کام رہا ہے۔‘‘

آئی فون فائیو کے آرڈرز جمعے سے لینا شروع کر دیے جائیں گے۔ امریکا، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، آسٹریلیا، ہانگ کانگ، سنگاپور اور جاپان میں اس کی ڈیلیوری 21 ستمبر شروع ہو جائے گی۔

سال کے آخر تک یہ ایک سو ملکوں میں دستیاب ہو گا۔ امریکا میں دو سال کے کانٹریکٹ کے ساتھ اس کی قیمت 199 ڈالر ہو گی۔

Apple IPhone 5
ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹِم کُکتصویر: REUTERS

پہلے آئی فونز کے مقابلے میں یہ فون سائز میں بڑا ہے۔ شِلر کا کہنا ہے: ’’جب آپ اپنا فون پکڑیں تو یہ بہت خوبصورتی سے آپ کے ہاتھ میں آنا چاہیے، ہم نے یہی سوچتے ہوئے آئی فون فائیو ڈیزائن کیا ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’’اس کی خوبصورت بڑی اسکرین پر آپ جو کچھ دیکھتے ہیں وہ بہت حسین دکھائی دیتا ہے۔‘‘

اس فون میں ایپل نے اپنا نیا A6 پروسیسر استعمال کیا ہے۔ شِلر کا کہنا ہے کہ اس پروسیسر کی بدولت ویب گرافکس لوڈ کرنے کی اسپیڈ دگنی ہے۔

آئی فون فائیو کی بیٹری بھی زیادہ طاقتور بنا دی گئی ہے، جو موبائل فون اور انٹرنیٹ کے استعمال کے لیے آٹھ گھنٹے ہے اور وائی فائی کے ساتھ استعمال کی صورت میں دس گھنٹے ہے۔

ایپل نے اس میں اپنا میپنگ سافٹ ویئر بھی شامل کیا ہے جبکہ سِری کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے جو قبل ازیں آئی فون فور ایس میں متعارف کروایا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مورگن اسٹینلے کی تجزیہ کار کیٹی ہوبرٹی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ایپل روا‌ں برس کی آخری سہ ماہی میں 48 سے 53 ملین آئی فونز فروخت کر سکتا ہے جبکہ آئندہ برس 266 ملین۔

ng / at (AFP, Reuters)