1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی فون فائیو آج متعارف کرایا جا رہا ہے

Afsar Awan12 ستمبر 2012

معروف امریکی کمپیوٹر ساز کمپنی ایپل کی طرف سے ایک میڈیا ایونٹ کا انعقاد آج کیا جا رہا ہے۔ عالمی وقت کے مطابق رات 10 بجے ہونے والے اس ایونٹ میں توقع کی جا رہی ہے کہ آئی فون کا نیا ورژن متعارف کرایا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/167Ts
تصویر: Reuters

آئی فون فائیو کی متوقع تعارفی تقریب میں اب چند گھنٹوں کا وقفہ رہ گیا ہے۔ نئے آئی فون کے فیچرز اور اس کی قیمت کے حوالے سے افواہوں اور خفیہ معلومات مبینہ طور پر عام کرنے کا سلسلہ ابھی تک زور و شور سے جاری ہے۔

9to5Mac.com نامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کے لیے نئے آئی فون کی قیمت وہی ہوگی جو موجودہ آئی فون فور ایس کی ہے۔ یعنی دو برس کے موبائل فون کانٹریکٹ کے ساتھ 16GB کے لیے 199 ڈالرز، 32GB کے لیے 299 جبکہ 64GB کے لیے 399 ڈالرز۔ دوسری طرف اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ آئی فون فائیو کی فروخت شروع ہونے کے ایک ہفتے کے اندر اس کے چھ ملین سے 10ملین تک یونٹس فروخت ہوں گے۔

مختلف ویب سائٹس پر آئی فون فائیو کے تخیلاتی ڈیزائن جاری کیے جا رہے ہیں
مختلف ویب سائٹس پر آئی فون فائیو کے تخیلاتی ڈیزائن جاری کیے جا رہے ہیںتصویر: YouTube

اطلاعات کے مطابق نئے آئی فون کی اسکرین چار انچ کی ہوگی جبکہ یہ فور ایس کے مقابلے میں قدرے پتلا بھی ہوگا۔ 2007ء میں آئی فون متعارف کرائے جانے کے بعد سے اس کی اسکرین کا سائز 3.5 انچ رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس کی اسکرین کا سائز تبدیل ہوگا۔

ایپل کی طرف سے آئی فون فور دو برس قبل یعنی 2010ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ نئے آئی فون کے ڈیزائن میں اس وقت کے بعد سے کی جانے والی یہ سب سے بڑی تبدیلی ہو گی۔

آئی فون متعارف کرائے جانے کے بعد سے ایپل کو دیگر حریف کمپنیوں کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ ان میں سام سنگ سب سے نمایاں ہے۔ ان کمپنیوں کی طرف سے اس دوران ایسی ڈیوائسز متعارف کرائی گئیں جو ماہرین کے مطابق نہ صرف اسکرین سائز بلکہ ٹیکنیکل صلاحیتوں کے حوالے سے بھی آئی فون پر سبقت رکھتی ہیں۔

حال ہی میں ایک امریکی مارکیٹ ریسرچ کمپنی IDC کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سام سنگ رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں 51 ملین ڈیوائسز فروخت کر کے اسمارٹ فون تیار کرنے والی اب سرفہرست کمپنی بن گئی ہے۔ یہ تعداد اسمارٹ فونز کے کُل مارکیٹ شیئر کا 32 فیصد بنتا ہے۔ ایپل کی طرف سے اسی مدت کے دوران 26 ملین آئی فونز فروخت کیے گئے اور اس طرح اس کے حصے میں عالمی مارکیٹ کا 16.9 فیصد حصہ آیا۔

گلیکسی ایس تھری کی پہلے ایک سو دنوں کے دوران 20 ملین یونٹس فروخت ہوئے ہیں
گلیکسی ایس تھری کی پہلے ایک سو دنوں کے دوران 20 ملین یونٹس فروخت ہوئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

سام سنگ کی طرف سے چند روز قبل بتایا گیا تھا کہ اس کے نئے اسمارٹ فون گلیکسی ایس تھری کی فروخت شروع ہونے کے پہلے ایک سو دنوں کے دوران 20 ملین یونٹس فروخت ہوئے ہیں۔

Glaxy S-III کی اسکرین کا سائز 4.8 انچ ہے۔ یہ فون اینڈرائڈ فور آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ سسٹم کا حامل ہے۔ اس کی پچھلی جانب آٹھ میگا پکسل جبکہ سامنے کی جانب 1.9 میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہے۔ سام سنگ کے مطابق یہ اس کا اب تک کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون ہے۔

رواں برس کے آغاز میں کوریا کی کمپنی سام سنگ نے دنیا کی سب سے زیادہ فون بنانے والی کمپنی ہونے کا اعزاز 14 برس بعد نوکیا سے چھین لیا تھا۔

aba/mm (dpa, AFP)