1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیموکریٹک پارٹی کنونشن اور ہالی ووڈ اداکار

7 ستمبر 2012

باراک اوباما کی سیاسی جماعت کے سابقہ کنونشن میں ہالی ووڈ کے کئی اداکار سرگرم تھے۔ اس مرتبہ شارلٹ شہر میں ہالی ووڈ کے اداکاروں کی سرگرمیاں قدرے کم رہی ہیں۔ اس کے باوجود کئی اہم اداکار اور میوزیکل بینڈ شارلٹ میں موجود ہیں۔

https://p.dw.com/p/164jh
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے سب سے بڑے شہر شارلٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے قومی کنونشن کے موقع پر خاص طور سے کیرولینا فیسٹول کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس فیسٹول میں رنگا رنگ سرگرمیوں کے علاوہ میوزیکل شوز بھی شامل تھے۔ ان میں معروف امریکی میوزیکل بینڈ اور گلوکار اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کرنے میں مصروف رہے۔ ان میوزیکل پرفارمنسوں سے عام شائقین کے ہمراہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔

Jessica Alba
جیسیکا ایلباتصویر: DW

معروف امریکی اداکار جیف برجز (Jeff Bridges) نے شمالی کیرولینا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے قومی کنوشن کے ساتھ جاری ثقافتی میلے کیرولینا فیسٹ (Carolinafest) کے دوران اپنے میوزیکل بینڈ دی ابائیڈرز (Abiders) کے ہمراہ شائقین اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ممبران کو خوب محظوظ کیا۔ جیف برجیز کو فلم کریزی ہارٹ میں پرفارمنس پر آسکر ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ ڈیموکریٹ پارٹی کے قومی کنونشن کا آغاز منگل سے ہوا ہے جب کہ کیرولینا فیسٹول کا افتتاح پیر کے روز سے ہو گیا تھا۔ جن فنکاروں نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ان میں جیمز ٹیلر، آر اینڈ بی سنگر اور جینلی مونائی اہم ہیں۔

خوبرو اداکارہ سکارلٹ جانسن کا کہنا ہے کہ وہ باراک اوباما کی حمایت اس لیے نیہں کر رہی کہ وہ ایک خاتون ہے بلکہ جس بیک گراؤنڈ سے اس کا تعلق ہے وہ مجبور کرتا ہے کہ باراک اوباما کی حمایت کی جائے۔ جانسن کا مزید کہنا ہے کہ اوباما کے حکومتی فیصلوں کا اثر ظاہر ہونا شروع ہو گیا ہے۔ کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے سکارلٹ جانسن کا کہنا تھا کہ وہ ہالی وڈ کی نوجوان اداکاروں کی نمائندگی نہیں کر رہی بلکہ امریکا کے لاکھوں نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کی جانب سے وہ یہ کہتی ہیں کہ یہ لاکھوں نوجوان، اوباما کے غیر منافع بخش معاشی پروگراموں پر انحصار کیے ہوئے ہیں۔ شارلٹ میں ممتاز اداکارہ کیری واشنگٹن بھی متحرک دکھائی دیں۔ ایک اور امریکی اداکارہ ایوا لانگوریا نے بھی کھلے عام ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ لانگوریا نے مِٹ رومنی کے ممکنہ ٹیکس پلان پر کڑی تنقید کی ہے۔ ایک اور اداکارہ ایشلے جُوڈ کو پارٹی نے ریاست ٹینسی کی نمائندگی کا اعزاز دیا گیا تھا۔

Eva Longoria Schauspielerin
ایوا لانگوریاتصویر: AP

باراک اوباما کی گزشتہ نامزدگی کے دوران یعنی سن 2008 میں ان مقبولیت کے تناظر میں ہالی ووڈ کے کئی اداکار انتخابی مہم کے دوران سرگرم تھے۔ چار سال قبل ڈیموکریٹس پارٹی کا قومی کنونشن ڈینور شہر میں منعقد ہوا تھا۔ اس میں معروف اداکار بین ایفلک اور ان کی بیوی جینیفر گارنر خاصے پیش پیش تھے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ سوزن سورانڈن بھی ڈینور کے کنونشن میں موجود تھیں اور شیرل کرو بھی خاصی سرگرم تھیں۔ اداکارہ جیسیکا ایلبا بھی ڈینور کے کنونشن میں اوباما کے حق میں تھیں۔ سارہ جیسیکا پارکر، جورج کلونی اور انا ہاتھوے کو بھی ڈیموکریٹس کے کنونشن میں مختلف سرگرمیوں میں مصروف دیکھا گیا تھا۔ شارلٹ کے قومی کنونشن میں کم اداکار دیکھے گئے ہیں اور تجزیہ کاروں کے خیال میں یہ اوباما کی مقبولیت کے گراف میں کمی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

امریکا کی مقبول ریپ گلوکارہ اونیکا تانیا میراژ (Onika Tanya Maraj) المعروف نکی منہاژ (Nicki Minaj) نے کہا ہے کہ وہ ری پبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار مِٹ رومنی کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گی۔ نکی منہاژ پہلے اوباما کی فین تھیں لیکن ان کی ہیلتھ کیئر کی پالیسی پر وہ شاکی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کی دوست ایویٹا ولسن (Yvette Wilson) کی سروائیکل کینسر کے باعث ہلاکت کے بعد وہ ری پبلکن پارٹی کی جانب مائل ہوئی ہیں۔

ah/ai(dpa, AFP)