1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین کی عالمی رینکنگ میں وکٹوریا آذارینکا بدستور نمبر ون

20 اگست 2012

آج پیر کے روز خواتین ٹینس ایسوسی ایشن نے نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ ادھر چین کی ٹینس اسٹار لی نا نے سنسناٹی اوپن میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سنسناٹی میں راجر فیڈرر بھی کامیاب رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15szT
تصویر: AP

رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کو جیتنے والی وکٹوریا آذرینکا بدستور عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر ہیں۔ اس دوران وہ دو تین ہفتوں کے لیے عالمی نمبر دو پر بھی آئيں مگر ماریا شاراپووا پہلی پوزیشن کو سنبھالنے سے قاصر رہيں تھیں۔ پولینڈ کی آگنیسکا رادوانسکا (Agnieszka Radwanska) اب دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ وہ اس سے قبل تیسرے مقام پر تھیں۔ ماریا شاراپووا نے رواں برس عالمی نمبر ایک کی پوزیشن سنبھالی تھی مگر اب وہ مسلسل نیچے کی جانب روانہ ہیں اور آج جاری ہونے والی فہرست میں ان کو تیسرا مقام حاصل ہے۔

Olympia 2012 London Tennis Angelique Kerber
جرمن کھلاڑی انگلیکے کیربیرتصویر: Reuters

جرمنی کی ابھرتی ہوئی نوجوان خاتون کھلاڑی انگلیکے کیربیر (Angelique Kerber)  مسلسل اپنی پوزیشن کو بہتر کرتی جا رہی ہیں۔ وہ اس وقت عالمی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔ سابقہ ساتویں پوزیشن سے وہ ایک اسٹیپ اوپر ہو گئی ہیں۔ اس وقت وہ عالمی نمبر چھ ہیں۔ اس کی وجہ سنسناٹی کپ میں امریکی اسٹار سیرینا ولیمز کو ان کے ہاتھوں شکست تھی۔ سیرینا بدستور چوتھے مقام پر فائز ہیں۔ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا (Petra Kvitova) کے پاس پانچویں پوزیشن ہے۔

Olympia 2012
راجر فیڈررتصویر: Reuters

خواتین کی عالمی درجہ بندی میں چین کی لی نا بھی ٹاپ ٹین میں ایک بار پھر داخل ہو گئيں ہیں۔ اس کی وجہ سنسناٹی کپ کو جیتنا ہے۔ سنسناٹی کپ میں چین کی خاتون کھلاڑی نے جرمن ٹینس کھلاڑی انگلیکے کیربیر کو  شکست سے دوچار کیا۔ لی نا اور کیربیر کے درمیان یہ میچ تین سیٹ پر محیط رہا۔ پہلا سیٹ جرمن کھلاڑی نے بڑی آسانی سے جیت لیا لیکن بعد میں وہ اپنے کھیل پر گرفت نہ رکھ سکیں۔ لی نا نے دوسرے اور تیسرے سیٹ کے دوران انگلیکے کیربیر کی بعض غلطییوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اس میچ کے دوران جرمن کھلاڑی پوری چابک دستی اور پھرتی سے بھی محروم دکھائی دے رہيں تھيں۔ لی نا نے مسلسل تین فائنلز میں شکست کے بعد کوئی فائنل میچ جیتا ہے۔ گزشتہ ہفتے چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا نے ٹورانٹومیں کھیلے جانے والے راجرز کپ میں چینی کھلاڑی کو ہرایا تھا۔

دنیا بھر میں خواتین اور مرد ٹینس کھلاڑی اس وقت اپنی توجہ رواں برس کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ یُو ایس اوپن کے شروع ہونے میں بس اب ایک ہی ہفتہ رہ گیا ہے۔ ستائیس اگست یہ ٹینس ٹورنامنٹ امریکی شہر نیو یارک میں شروع ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے قبل سنسناٹی کپ میں موجودہ عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کی جیت سے ان کے مورال میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ سربیا کے نوواک جوکووچ کا کھیل گزشتہ برس کی طرح نہیں خیال کیا جا رہا۔ فیڈرر نے رواں برس کے سیزن میں آٹھ فائنلز کھيلے ہيں جن ميں سے انہيں چھ ميں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سنسناٹی کپ راجر فیڈرر کے پروفیشنل کیریئر کا چھہترواں ٹائٹل ہے۔ وہ اب تک سترہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ بھی جیت چکے ہیں۔

ah/ai(dpa,Reuters)