1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فوجی پیار کی تلاش میں سرحد پار کر گیا

14 جولائی 2012

بھارتی فوج نے اُس انیس سالہ پاکستانی فوجی کو خیر سگالی کے طور پر رہا کر دیا ہے جو مبینہ طور پر اپنے پیار کی تلاش میں لائن آف کنڑول عبور کرکے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں داخل ہوگیا تھا۔

https://p.dw.com/p/15Xg6
تصویر: picture-alliance/ dpa

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی فوجی عارف علی غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں داخل ہوا تھا۔ اسے بدھ کے روز حراست میں لیا گیا اور جمعہ کو واپس پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ عارف علی کا سرحد پار ایک لڑکی سے پیار تھا اور وہ اس کے حصول کے لیے کنٹرول لائن عبور کر گیا تھا۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق عارف علی زیرو پوائنٹ کے قریب ایک گاؤں کیرنی کی ایک لڑکی پر عاشق ہوا تھا۔ رپورٹوں کے مطابق عارف علی نے اپنے افسران سے واپس گھر جانے کا بہانہ بنا کر نوکری سے چھٹی حاصل کی اور انہیں بتائے بغیر گھر جانے کے بجائے سرحد پار کر ڈالی۔ اسے مبینہ طور پر یہ ڈر تھا کہ کہیں لڑکی کے والدین اس کی شادی پونچھ ہی میں کسی اور سے نہ کر ڈالیں۔ اطلاعات کے مطابق اس کی معشوقہ کی شادی کی تیاریاں بھی جارہی تھیں۔ بعض رپورٹوں میں یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے سینیئر فوجیوں کے رویے سے تنگ تھا اور اس نے بھارت میں سیاسی پناہ کے حصول کے لیے سرحد پار کی۔

Kaschmir Konflikt Karte
لائن آف کنڑول پاکستان اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو ایک دوسری سے الگ کرتی ہےتصویر: AP

عارف علی کا تعلق پاکستانی فوج کی 25 فرنٹیئر فورس سے ہے اور آبائی طور پر جنوب مغربی شہر کوئٹہ کا باسی ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق پونچھ میں گرفتاری کے موقع پر اس کے پاس سے موبائل فون کی دو سمز، فوج سے چھٹی کا سرٹیفیکیٹ، شناختی کارڈ اور 13 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔

عارف علی کی پاکستان کو حوالگی کے لیے جمعہ کی صبح خصوصی فلیگ میٹنگ ترتیب دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ایک بھارتی ہیلی کاپٹر سرحد پار کرکے پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔ اس میں بھارتی فوج کے چار اہلکار سوار تھے، جنہیں مختصر وقفے کے بعد پاکستانی فوج نے خیر سگالی کے طور پر واپس بھارتی حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

ٌ(sks/ ah (PTI