1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن، امریکی اسٹار سیرینا ولیمز سیمی فائنل میں

4 جولائی 2012

امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے ومبلڈن کے ایک اہم کوارٹر فائنل مقابلے میں چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والی دفاعی چیمپئن پیٹرا کویٹووا کو سیدھے سیٹوں میں مات دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/15Qo9
امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمزتصویر: AP

انتہائی اہم گرینڈ سلام ٹورنامنٹ قرار دیے جانے والے ومبلڈن کے ایک کوارٹر فائنل میں سیرینا کی اس جیت کے بعد ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ امریکی ٹینس اسٹار اب ومبلڈن کا امسالہ ٹائٹل اپنے نام کر سکتی ہیں۔ منگل کے روز کھیلے گئے اس میچ میں سیرینا نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ومبلڈن کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کی دفاعی چیمپئن Petra Kvitova کو چھ تین اور سات پانچ سے شکست دے دی۔

سیرینا اب سیمی فائنل مقابلے میں بیلاروس کی وکٹوریا آزارینکا کے خلاف کھیلیں گی۔ آسٹریلین اوپن چیمپئن شپ کی فاتح آزارینکا نے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا ہی کی Tamira Paszek کوشکست دی۔

Sport Tennis Victoria Azarenka Australian Open
وکٹوریا آزارینکاتصویر: AP

کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد بائیس سالہ پیٹرا کویٹووا نے کہا کہ اب سیرینا ولیمز کو شکست دینا مشکل ہے اور وہ ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ خواتین کی درجہ بندی میں اس عالمی نمبر چار کھلاڑی نے کہا، ’اب سیرینا کو شکست دینا انتہائی مشکل ہے۔ میں یہ نہیں کہوں گی کہ یہ ناممکن ہے کیونکہ وہ بھی ایک انسان ہے، لیکن یہ کام انتہائی مشکل ہے‘۔

تیس سالہ سیرینا ولیمز نے کہا ہے کہ چیک جمہوریہ کی اسٹار کھلاڑی کے خلاف کھیلتے ہوئے انہوں نے اضافی توانائی لگائی۔ چار مرتبہ ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اس امریکی اسٹار نے اپنی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ومبلڈن چیمپئن یا کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کی فاتح کھلاڑی کو شکست دینا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔

Angelique Kerber
جرمن اسٹار انجلیق کیربرتصویر: Reuters

منگل کو ہی کھیلے گئے ومبلڈن خواتین مقابلوں کے ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں جرمن اسٹار انجلیق کیربر نے اپنی ہم وطن کھلاڑی زابینے لیزیکی کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی۔ کیربر اب سیمی فائنل میں پولش کھلاڑی اگنیسکا راڈوانسکا کے خلاف میدان میں اتریں گی۔

راڈوانسکا نے اپنے کوارٹر فائنل میچ میں روس کی ماریا کیریلینکو کو شکست سے دوچار کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی راڈوانسکا وہ پہلی پولش خاتون کھلاڑی بن گئیں جو آج تک ٹینس کے کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچی ہیں۔

2005ء میں ومبلڈن جونیئر کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی راڈوانسکا نے کہا، ’میں بہت خوش ہوں کہ میں نے پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے‘۔

ab / mm / Reuters