1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالی وُڈ: اوباما کے حامی فلمی ستاروں کی لمبی قطار

9 مئی 2012

امريکی صدر باراک اوباما رواں ہفتے ہالی وُڈ ميں ايک تقريب ميں شرکت کرنے والے ہيں جس ميں نہ صرف فلمی دنيا کے مشہور و معروف ستاروں کی شمولیت متوقع ہے بلکہ اس تقريب سے کئی ملين ڈالر بطور فنڈ بھی جمع کيے جا چکے ہيں۔

https://p.dw.com/p/14sIt
تصویر: AP

رواں سال نومبر ميں ہونے والے صدارتی انتخابات ميں دوبارہ صدارت کا عہدہ حاصل کرنے کے خواہشمند امريکی صدر باراک اوباما ان دنوں انتخابات کے ليے اپنی اشتہاری مہم کے ليے فنڈ اکٹھا کرنے کے عمل سے گزر رہے ہيں۔ امريکی صدر کی انتخابی مہم کے ليے جمع شدہ رقم ميں خاطر خواہ اضافہ رواں ہفتے جمعرات کے روز اس وقت ممکن ہو سکتا ہے جب وہ ہالی وُڈ کے معروف اداکار جارج کلونی کی دعوت پر ايک عشائيے کا حصہ بنيں گے۔ کلونی کے بقول اس تقریب ميں شرکت کے ليے فروخت کيے جانے والے دعوت ناموں سے تاحال دس ملين ڈالر جمع کيے جا چکے ہيں۔

گزشتہ ماہ وال اسٹريٹ جرنل سے گفتگو کرتے ہوئے کلونی نے بتايا تھا: ’ميں تو بس يہ جانتا ہوں کہ جمعرات کو ہونی والی تقريب آج تک فنڈز جمع کرنے کے سلسلے ميں منعقد کی گئی کسی بھی تقريب سے زيادہ کامياب ہو گی۔‘

دی ہالی وُڈ رپورٹر نامی جريدے کے مطابق اس عشائيے سے قريب بارہ ملين ڈالر اکٹھے کرنے کی اميد کی جا رہی ہے۔ اب تک اس تقريب ميں شرکت کے ليے 150 ٹکٹيں فروخت کی جا چکی ہيں جس سے مجموعی طور پر چھ ملين ڈالر جمع ہو چکے ہيں۔ تقریب کے ہر ٹکٹ کی قيمت چاليس ہزار ڈالر ہے۔

تقريب ميں ان لوگوں کو بھی حصہ بنايا جائے گا جو چاليس ہزار ڈالر خرچ کرنے کی استطاعت نہيں رکھتے۔ عشائیے ميں شرکت کے ليے دو ٹکٹ قرعہ اندازی کے ذريعے بھی ديے جائيں گے۔ اس قرعہ اندازی ميں شرکت کے ليے ريفل نما ٹکٹ کی قيمت عام شہريوں کی پہنچ ميں ہے جسے وہ خريد سکتے ہيں۔ قرعہ اندازی ميں جن دو خوش نصيب افراد کے نام سامنے آئیں گے وہ امريکی صدر کے ساتھ ايک شام گزار سکيں گے۔

اگرچہ اس تقريب ميں شامل ہونے والے مہمانوں کے نام پوشيدہ رکھے جا رہے ہيں، خبر ايجنسی کے مطابق سن 2008 ميں اوباما کی حمايت کرنے والے ہالی وُڈ کے فلمی ستاروں کی شرکت تو لازمی سی بات ہے۔ مہمانوں ميں معروف ہدايت کار اسٹيفن اشپیل برگ، ليونارڈو ڈی کيپريو، براڈ پٹ، اسکارليٹ يوہانسن، ہيلی بيری اور اوپرا ونفری جيسے ديگر کئی نام شامل ہو سکتے ہيں۔

فلمی ستاروں کے درميان اوباما کو رومنی کے مقابلے ميں کہيں زيادہ مقبوليت حاصل ہے
فلمی ستاروں کے درميان اوباما کو رومنی کے مقابلے ميں کہيں زيادہ مقبوليت حاصل ہےتصویر: AP

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق يہ بات واضح ہے کہ اگر ہالی وُڈ کے ستاروں ميں حمايت کی بات ہو تو ڈيموکريٹک جماعت کے صدر باراک اوباما اپنے حريف اور ريپبلکن پارٹی کے صدارتی اميدوار بننے کے خواہاں مٹ رومنی سے با آسانی بازی لے جائيں گے۔

امريکی صدر اوباما اگلے ماہ کی چھ تاريخ کو بھی اپنی انتخابی مہم کے ليے فنڈ جمع کرنے کے سلسلے ميں لاس اینجلس ميں ايک اور تقريب ميں شرکت کريں گے۔

as/hk (dpa)