1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارک باغیوں نے دس مغویوں کو رہا کر دیا، ریڈ کراس

3 اپریل 2012

امدادی تنظیم ریڈ کراس کے مطابق کولمبیا کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے فارک باغیوں نے بارہ سال سے یرغمال دس پولیس افسروں اور فوجیوں کو رہا کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/14Wn5

فارک تنظیم نے فروری میں کہا تھا کہ وہ دس مغویوں کو جلد رہا کر دے گی۔ اب ریڈ کراس نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ فارک نے کولمبیا کے دس پولیس اہلکاروں اور سپاہیوں کو رہا کر دیا ہے۔

اس بارے میں ریڈ کراس کی ترجمان ماریا کرسٹینا کا کہنا تھا، ’’فارک کی جانب سے چار فوجیوں اور چھ پولیس اہلکاروں کی رہائی کی تصدیق ہو چکی ہے۔‘‘ کرسٹینا کا کہنا تھا کہ ان افراد کی رہائی کا عمل کئی گھنٹوں پر محیط تھا۔

ریڈ کراس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ فارک نے ان سب افراد کو رہا کر دیا ہے جس کا اس نے وعدہ کیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے فارک نے ان افراد کو دو مرحلوں میں، یعنی پیر کے روز اور بدھ کے روز رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Geiselbefreiung FARC-Guerrilla Kolumbien
رہا ہونے والے ان افراد کو برازیلی فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹروں پر روانہ کیا گیاتصویر: dapd

رہا ہونے والے ان افراد کو برازیلی فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹروں پر روانہ کیا گیا۔ ان ہیلی کاپٹروں کا انتظام ریڈ کراس اور کولمبینز فار پیس نامی تنظیم نے کیا تھا۔

فارک تنظیم کافی عرصے سے کولمبیا کی حکومت کے خلاف مسلح کارروائیاں کر رہی ہے۔ ان افراد کی رہائی کے باوجود فارک اور کولمبیا کی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے کولمبیا کی فوج نے فارک کے چھتیس مشتبہ کارکنوں کو ایک فوجی کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا تھا۔

فارک تنظیم کا قیام انیس سو چونسٹھ میں ہوا تھا۔ بائیں بازو کی اس تنظیم میں ایک اندازے کے مطابق نو ہزار جنگجو ہیں اور یہ کولمبیا کے جنگلات میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ کولمبیا کی حکومت اس تنظیم کو غیر قانونی قرار دیتی ہے۔ حکومت کے مطابق فارک نے اب بھی کم از کم سو شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

(ss/aa (Reuters, AP

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید