1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راکٹ حملوں پر سلامتی کونسل کارروائی کرے، اسرائیل

12 مارچ 2012

اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ سے ہونے والے راکٹ حملوں کے خلاف کارروائی کرے۔ اسرائیلی حکام نے ان حملوں پر کم تر درجے کے عالمی ردعمل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

https://p.dw.com/p/14J9t
تصویر: AP

اسرائیل کی جانب سے عالمی سلامتی کونسل سے کارروائی کا یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عالمی طاقتیں مشرق وسطیٰ کے تنازعے پر اجلاس منعقد کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔

اسرائیل نے یہ مطالبہ سلامتی کونسل کے نام ایک خط میں کیا ہے، جس میں یہ کہتے ہوئے خبردار بھی کیا گیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ’تمام ضروری اقدامات‘ کیے جائیں گے۔

یہ خط مشرق وسطیٰ کے لیے چار فریقی عالمی گروپ کے اجلاس سے ایک روز پہلے بھیجا گیا ہے۔ اس گروپ میں امریکا، روس، یورپی یونین اور اقوام متحدہ شامل ہیں اور گزشتہ چھ ماہ میں اس کا یہ پہلا اجلاس ہے۔

یہ اجلاس اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے جا رہا ہے۔ اس میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن، ان کے روسی ہم منصب اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون شریک ہوں گے۔ یورپی یونین کی سربراہ برائے امور خارجہ کیتھرین ایشٹن کی شرکت ویڈیو کانفرنس کے ذریعے متوقع ہے۔

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے نائب سفیر حائم ویکسمین نے سلامتی کونسل کے نام اس خط میں کہا ہے: ’ہمارے خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے، سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے تمام ذمہ دار ارکان کو فوری اور واضح طور پر مذمت کرنی چاہیے اور راکٹ حملوں کو رکوانے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے، جو اسرائیلی شہریوں پر بدستور برس رہے ہیں‘۔

Israelischer Luftangriff in Gaza
اسرائیل نے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ پر فضائی حملہ کیاتصویر: Reuters

انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں اسرائیلی علاقوں میں ڈیڑھ سو سے زائد راکٹ فائر کیے گئے ہیں جن میں چالیس سے زائد گراڈ میزائل بھی شامل ہیں۔

اس خط میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو روز کے واقعات سے سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی جانب سے خاموشی اختیار کیے رہنے کا خطرہ ثابت ہو گیا ہے۔

ویکسمین کے مطابق راکٹ حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ غزہ پٹی میں ایران کی جانب سے جدید ہتھیاروں کی اسمگلنگ بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے نزدیک ان حملوں کی پوری ذمہ داری خطے کی حماس انتظامیہ پر ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ سے فائر کیے جانے والے زیادہ تر راکٹوں کی جہاد اسلامی گروپ نے ذمہ داری قبول کی ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق ان حملوں میں چار افراد زخمی ہوئے۔

اس کے جواب میں اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے کیے۔ فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک