
جرمنی میں ایک خاندان نے آٹھ ماہ کی ایک ہرنی کو بالکل اسی طرح پالا ہے جس طرح لوگ کتے پالتے ہیں۔ میا نامی یہ ہرن اب خاندان کا ایک فرد بن چکی ہے۔
مغربی جرمنی کے شہر ایل شائڈ میں آکرمان خاندان نے جب میا کو اپنایا تو اس وقت اس کی عمر محض آٹھ ماہ تھی۔ میا اب بڑی ہو چکی ہے۔ نہ صرف یہ کہ آکرمان فیملی میا کو اپنے ہاتھوں سے دودھ پلاتے ہیں، گھر کے پالتو کتے بھی میا کا بے حد خیال رکھتے ہیں اور اس کی ہمہ وقت حفاظت کرتے ہیں۔
آنیتا آکرمان کا کہنا ہے، ’’ہمارے کتے جوزی نے فوراً ہی میا کا خیال رکھنا شروع کر دیا تھا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ میا خود کو بھی ایک کتا ہی سمجھنے لگی ہے۔‘‘
میا گھر میں کتوں کے ساتھ ہی ایک باسکٹ میں سوتی ہے۔ آنیتا آکرمان کا کہنا ہے کہ میا ان کے خاندان کا ایک فرد ہے۔ آنیتا پیشے کے لحاظ سے ایک نرس ہیں اور وہ فارغ اوقات میں شکار کے لیے جاتی ہیں۔ وہ میا کو گزشتہ برس مئی میں جنگل ہی سے لے کر آئی تھیں۔ میا کی ماں ایک کار سے ٹکرا گئی تھی۔
ہرنوں کی خصلت کے بر عکس میا گھر میں رہنا زیادہ پسند کرتی ہے
آج میا گھر میں کتوں کے ساتھ گھومتی پھرتی ہے۔ آکرمان نے قہقہہ لگا کر کہا، ’’میا صرف ایک چیز نہیں کرتی، وہ بھونکتی نہیں ہے۔ اگر وہ کسی دن پوسٹ مین پر غرانے لگے تو میں فکرمند ہو جاؤں گی۔‘‘
آکرمان کا کہنا ہے کہ علاقے کے تمام شکاری میا کے بارے میں جانتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ میا ان کے گھر کا حصہ ہے اور اسے شکار نہیں کرنا ہے۔ انہوں نے شناخت کے لیے میا کے گلے میں نارنجی رنگ کا ایک پٹّا ڈال رکھا ہے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف توقیر