1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

CeBit دنیا کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی فیئر

افسر اعوان12 مارچ 2014

چہرے پر تاثرات بدلنے والا ایک ننھا سا روبوٹ، ایک ڈیجیٹل ماسٹر شیف اور ایک ایسا سوٹ کیس جو کبھی نہیں کھوئے گا، دنیا کے سب سے بڑے ’ٹیک فیئر‘ میں پیش کی گئی ٹیکنالوجی لوگوں کی زندگیاں بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1BOfp
تصویر: Getty Images

جرمنی کے شمالی شہر ہینوور میں سالانہ ٹیکنالوجی میلے CeBit کے دروازے عام لوگوں کے لیے 11 مارچ کو کھولے گئے۔ اس پانچ روزہ میلے کا افتتاح جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کیا۔ اس مرتبہ اس ٹیکنالوجی فیئر کا پارٹنر ملک برطانیہ ہی ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران انسانی سائز اور انسانوں کی طرح حرکت کرنے والے ایک روبوٹ نے خوبصورت الفاظ میں خطاب بھی کیا۔ بعد ازاں میرکل اور کیمرون نے ’ٹچ بائیونکس‘ نامی کمپنی کے تیار کردہ اس روبوٹ سے مصافحہ بھی کیا۔

صرف یہی نہیں بلکہ ’پول ڈانس‘ کرنے والے روبوٹس ’لیکسی‘ اور ’ٹیس‘ وہاں لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے موجود ہیں اور اس کے علاوہ ایک سالہ ’روبوائے‘ بھی لوگوں کی توجہ حاصل کیے ہوئے جس کے جسم میں ہڈیاں اور پٹھے بھی موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس روبوٹ میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی طب کےمیدان میں مستقبل میں ہونے والی تحقیق کے علاوہ چاند پر بھیجے جانے والے مشن کے لیے بھی استعمال میں لائے جا سکے گی۔

پانچ روزہ میلے کا افتتاح جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کیا
پانچ روزہ میلے کا افتتاح جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کیاتصویر: Reuters

ایک چھوٹے بچے کی طرف اپنے چہرے پر خوشگوار تاثرات لاتے ہوئے روبوائے کہتا ہے، ’’میں خوش ہو سکتا ہوں‘‘۔ ’’میں ناراض بھی ہو سکتا ہوں‘‘ اور ایسا کہتے ہوئے اس کا چہرہ سرخ ہو جاتا ہے۔ روبوائے کے جسم میں 48 مختلف مسلز استعمال کیے گئے ہیں جنہیں زیورخ یونیورسٹی کی ’لیبارٹری فار آرٹیفیشل انٹیلیجنس‘ اور یورپی یونین کے میوروبوٹکس ریسرچ پراجیکٹ کی طرف سے مشترکہ طور پر تیار کیا گیا ہے۔

CeBit میں ’کُک بوٹ‘ ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ پروگرام 30 ہزار مختلف کھانوں کی تراکیب میں سے، گھر میں موجود کھانے پینے کی چیزوں کو دیکھتے ہوئے آپ کے لیے بہترین ڈش کا انتخاب کر سکتا ہے بلکہ پکانے کی تراکیب کو با آواز بلند دہراتا ہے اور کھانے پکنے کے وقت پر بھی نظر رکھتا ہے۔

یورپی جہاز ساز کمپنی ایئربس کے اسٹال پر ایک حیران کن سوٹ کیس ’بیگ ٹو گو‘ بھی موجود ہے۔ اس سوٹ کیس میں ایک سِم کارڈ کے علاوہ ٹرانمیشن ماڈیول اور ڈسپلے بھی موجود ہے۔ اس چیزوں کی بدولت آپ کا یہ سوٹ کیس گُم نہیں ہو سکتا کیونکہ یہ کہیں بھی ہو آپ فی الفور اس کا پتہ لگا سکتے ہیں۔ بس اس کے لیے آپ کو اپنے اسمارٹ فون پر ایک ایپلیکیشن انسٹال کرنا ہو گی۔

پانچ روزہ CeBit اختتام 14 مارچ کو ہوگا۔ اس میلے میں دنیا بھر سے 3400 مختلف کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔