1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

33 ڈالر کا اسمارٹ فون

کشور مصطفیٰ28 اگست 2014

1.27 بلین کی آبادی والے جنوبی ایشیائی ملک بھارت میں موبائل فون بنانے والی کمپنی اینٹکس نے ایک نیا اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کیا ہے جس کی قیمت صرف 33 ڈالر ہے۔

https://p.dw.com/p/1D35v
تصویر: picture alliance/AFP Creative

اس کمپنی نے اس سستے ترین اسمارٹ فون کو موبائل فون کی مارکیٹ میں ایک ’ نئے عہد کے آغاز ‘ سے تعبیر کیا ہے۔

جہاں دنیا بھر میں نت نئے اسمارٹ فونز صارفین کی غیر معمولی توجہ کا باعث بن رہے ہیں وہاں ان کی خریداری ہر خاص و عام کے لیے آسان نظر نہیں آتی کیونکہ اسمارٹ فونز جتنے جدید طرز کے ہوتے ہیں ان کی قیمتیں اتنی ہی ہوش رباء ہوتی ہیں۔ اب بھارتی موبائل فون کمپنی اینٹکس نے فائرفاکس براؤزر کی مالک کمپنی موزیلا کے تعاون اور اشتراک سے ایک ایسا اسمارٹ فون تیار کیا ہے جو معیار اور کارکردگی کے اعتبار سے ایپل کے آئی فون اور سام سنگ گیلکسی جیسے فنکشنز کا حامل ہے مگر قیمت کے اعتبار سے اب تک کا سستا ترین فون ہے یعنی محض 33 ڈالرز میں آپ یہ فون بھارت میں خرید سکتے ہیں۔

اینٹکس کی ایک ترجمان جویتا مترا کے مطابق، ’’یہ اسمارٹ فون جو رواں ہفتے مارکیٹ میں آیا ہے، اب تک کا سستا ترین اسمارٹ فون ہے۔‘‘ مترا نے مزید کہا، ’’ہم اسمارٹ فونز کے ایک نئے عہد میں داخل ہو رہے ہیں۔ یہ بہت یوزر فرینڈلی فون ہے، اس کی مدد سے صارفین بہت آسانی اور سے اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔‘‘

Apple iPhone 5
ایپل آئی فون 5تصویر: AFP/Getty Images

اینٹکس کی ترجمان جویتا مترا کا مزید کہنا تھا کہ اُن کی کمپنی کو توقع ہے کہ اگلے تین ماہ کے اندر اندر اس فون کے پانچ لاکھ یونٹس فروخت ہو جائیں گے۔ اینٹکس کمپنی ابتدائی طور پر بھارتی مارکیٹ کو ٹارگٹ کر رہی ہے تاہم قوی توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اسمارٹ فون ایشیاء کے دیگر ممالک میں بھی اپنی مارکیٹ بنا لے گا۔

بھارت کی اسمارٹ فون کی مارکیٹ بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ امریکا کی مارکیٹ ریسرچ کی ایک فرم آئی ڈی سی کے اندازوں کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس جون میں ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران بھارت میں اسمارٹ فون کی شپمنٹ میں 186 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی تعداد 17.59 ملین تک پہنچ گئی۔

Symbolbild Microsoft Internet Explorer
نئے اسمارٹ فون کی مدد سے صارفین آسانی سے انٹرنیٹ سے بھی استفادہ کر سکیں گےتصویر: Getty Images

آئی ڈی سی نے پیشنگوئی کی ہے کہ آئندہ سالوں کے دوران بھارت میں اسمارٹ فونز میں مزید تیزی سے اضافہ ہو گا۔ اس کے مطابق آئندہ پانچ برسوں کے دوران سالانہ بنیادوں پر اس کی سیل میں 40 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

عالمی بینک کے اندازوں کے مطابق دنیا کے غریب عوام کی کُل تعداد کا ایک تہائی حصہ بھارت میں موجود ہے۔ اس ملک میں اسمارٹ فون کی قیمت کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ بھارت میں بکنے والے اسمارٹ فون کی کُل تعداد کے تین چوتھائی کی قیمت 200 ڈالر سے کم ہوتی ہے۔