1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں چھٹی عالمی اردو کانفرنس

رفعت سعید، کراچی2 دسمبر 2013

کراچی نے لگاتار چھٹے سال عالمی اردو کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے ایک دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ آئے دن کی بد امنی اور دہشت گردی سے متاثرہ اِس شہر کے باسی تمام تر تشدد کے باوجود اردو زبان سے گہری جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1ARzE
کراچی میں منعقدہ اس چار روزہ عالمی اردو کانفرنس کے مختلف اجلاسوں میں حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اردو زبان و ادب سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا
کراچی میں منعقدہ اس چار روزہ عالمی اردو کانفرنس کے مختلف اجلاسوں میں حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اردو زبان و ادب سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیاتصویر: DW/Rafat Saeed

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام نومبر سے لے کر یکم دسمبر تک منعقد ہونے والی اس چار روزہ کانفرنس میں پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے گئے آئے ہوئے مندوبین شریک ہوئے، جن کا کہنا تھا کہ ایسے نامساعد حالات میں اتنی شاندار کانفرنس کا انعقاد کراچی کے شہریوں کے بلند حوصلے کی غمازی کرتا ہے، بقول معروف شاعرہ کشور ناہید کے، ایسی رونق انہوں نے کہیں نہیں دیکھی۔

آرٹس کونسل کے صدر اور کانفرنس کے منتظم احمد شاہ نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اس کانفرنس کے انعقاد کا یہ چھٹا سال ہے اور اب کراچی شہر دنیا بھر میں اس ادبی میلے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔

کانفرنس کے پہلے دن جمعرات 28 نومبر کو افتتاحی اجلاس میں سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید قائم علی شاہ مہمان ِ خصوصی تھے، جبکہ مجلسِ صدارت اردو ادب کی ان شخصیات سے مزین تھی، جن کی جگمگاہٹ چاروں دن اس کانفرنس کی تقریبات کو روشن کرتی رہی۔ معروف شاعر جمیل الدین عالی، مزاح نگار مشتاق یوسفی، جمیل جالبی، اسلم فرخی، امر جلیل، زہرہ نگاہ، عبداللہ حسین، امریکا سے آئے ہوئے شاعر اور دانشور ستیہ پال آنند، مسعود اشعر ، عطاء الحق قاسمی، افتخار عارف: کون تھا، جو یہاں جلوہ گر نہیں تھا۔ کلیدی خطبے انتظار حسین اور بھارت کے مندوب شمیم حنفی کے تھے۔

چھٹی عالمی اردو کانفرنس میں شریک رضا علی عابدی اور شمیم حنفی
چھٹی عالمی اردو کانفرنس میں شریک رضا علی عابدی اور شمیم حنفیتصویر: DW/Rafat Saeed

اس موقع پر ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت سے آئے ہوئے نقاد اور ادیب شمیم حنفی نے کہا کہ اردو زبان جن اقدار کی نشاندہی کرتی ہے، وہ تہذیب اور شعور سے وابستہ ہیں اور گو کہ چار دنوں میں زبان سے وابستہ چیزوں کا احاطہ مشکل تھا مگر اردو زبان سے محبت کرنے والوں کا اجتماع دیکھ کر خوشی ہوئی، خاص طور پر یہاں کے نوجوانوں میں شعر و ادب کے حوالے سے بہت صلاحیتیں ہیں۔

ادب کا آگے بڑھنا خاموش عمل ہوتا ہے، چیخ پکار کے ذریعے نہیں۔ اگر پڑھیں گے تو شخصیت اور معاشرے میں توازن پیدا ہوگا۔ اس سوال کے جواب میں کہ اردو بولنے والے اپنی زبان سے دور کیوں ہوگئے، شمیم حنفی کا کہنا تھا کہ یہ بہت شرم کی بات ہے، یہ ذمہ داری والدین کی ہوتی ہے۔ ضروری نہیں ہے کہ اچھی انگریزی بولنے والا اردو بولنے والے سے بہتر ہو گا۔ بچے کی اصل تربیت اس کی مادری زبان میں بہتر ہوتی ہے۔

اس کے بعد شاعرہ زہرہ نگاہ نے اردو کی کلاسیکی شاعری سے چیدہ چیدہ کلام پیش کیا۔ شام گئے نئی نسل کے شاعرو ں کا مشاعرہ ہوا۔ بھارتی شاعر مندوب شمیم حنفی کا کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوان شعراءکے اشعار سن کر وہ حیران ہو گئے ہیں۔

دوسرے دن کا آغاز معاصر شعری رجحانات پر ہونے والے اجلاس سے ہوا۔ صدارت ڈاکٹر ستیہ پال آنند نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں امریکا سے آئے ہوئے اس شاعر اور دانشور نے کہا کہ عہد ساز شاعری عصری رجحانات سے ہی جنم لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسائی شاعری کراچی شہر کی پیداوار ہے اور اب بھارتی شاعری میں بھی اس کے اثرات پائے جانے لگے ہیں۔

ممتاز ادیب انتظار حسین کانفرنس کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں
ممتاز ادیب انتظار حسین کانفرنس کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے ہیںتصویر: DW/Rafat Saeed

سیشن کے اختتام پر ممتاز ادیب انتظار حسین نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادب کے قارئین کا دائرہ محدود ہوتا ہے۔ یہ اخبار کی طرح کا معاملہ نہیں۔ جب کوئی کانفرنس ہوتی ہے تو آپ زیادہ لوگوں سے رابطہ میں آتے ہیں۔ ان میں کچھ لوگ ایسے ضرور ہوں گے، جو ادب کے دائرے میں آ سکتے ہیں چنانچہ ایسی کانفرنسوں کے فوائد ضرور ہوتے ہیں۔

اس دن ہر چند کہ کئی مختلف اجلاسوں میں کئی نامور ہستیوں کو سپاس پیش کیا گیا، جن میں فرمان فتحپوری، محمد علی صدیقی، محمود واجد، سراج الحق میمن اور داود رہبر بھی شامل تھے لیکن پروگرام کا جو حصہ سب پر بازی لے گیا، وہ تھا معروف ادیب مستنصر حسین تارڑ کے ساتھ بتائی گئی ایک شام۔ تارڑ صاحب کے علاوہ پروگرام میں ناول نگار عبداللہ حسین اور معروف براڈکاسٹر رضا علی عابدی بھی شریک ہوئے۔ عبداللہ حسین نے کہا کہ تارڑ اپنے جداگانہ اسلوب کی وجہ سے اور اردو کے سفرنامہ نگار اور منفرد ناول نگار کے طور پر اپنے عہد کے بڑے لکھاری ہیں۔

رضا علی عابدی کا کہنا تھاکہ اردو بہت بھولی بھالی زبان ہے، جس کی عمر محض ڈھائی سو سال ہی ہوئی ہے۔ انہوں نی شکوہ کیا کہ بچوں کے لیے اس کانفرنس میں کوئی سیشن نہیں رکھا گیا، ’اس طرح تو بچے ادب سے دور ہو رہے ہیں‘۔

اگلے دن جہاں ذرائع ابلاغ عامہ پر ایک مکمل اجلاس موجود تھا، وہیں اردو اور سندھی کے تاریخی اور لسانی رابطوں پر بھی سیر حاصل گفگتو ہوئی جس میں امر جلیل، نواز علی شوق، امداد حسینی، آغا سلیم، مہتاب راشدی، فہمیدہ ریاض، نور الہد یٰ شاہ اور عبدالقادر جونیجو شریک ہوئے۔

پاکستان کے معروف شاعر اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد
پاکستان کے معروف شاعر اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجدتصویر: DW/Rafat Saeed

اس دن کی خاص تقریب ’بیادِ جالب‘ میں مایہ ناز شاعر حبیب جالب کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک مہمانِ خصوصی تھے جب کہ صدارت سینیٹر اعتزاز احسن نے کی۔

اُس روز ناول نگار عبداللہ حسین کے ساتھ منائی جانے والی شام میں ناول نگار محمد حنیف شریکِ گفتگو رہے۔

رات گئے بپا ہونے والی محفلِ مشاعرہ میں دنیا بھر سے آئے بڑے بڑے شعرائےکرام نے شرکت کی۔

آخری دن اردو افسانے کی صدی پر ایک تفصیلی اجلاس ہوا، جس کی صدارت انتظار حسین، اسد محمد خان، حسن منظر اور مسعود اشعر نے کی۔ مقررین میں اطہر فاروقی، زاہدہ حنا، ڈاکٹر آصف فرخی اور اخلاق احمد شامل تھے۔

ڈاکٹر جعفر احمد کی کتاب ’چیلنجز آف ہسٹری رائٹنگ اِن ساؤتھ ایشیا‘ کی تقریبِ پذیرائی بھی آخری دن کا اہم اجلاس تھا۔ صدارت بھارتی مؤرخ پروفیسر ہربنس مکھیا اور ڈاکٹر مبارک علی نے کی۔ پروفیسر مکھیا نے کہا کہ تاریخ کو عوام کے نقطہ نظر سے دیکھنا آج کی ضرورت ہے۔

اختتامی اجلاس سے پہلے ایک شام ممتاز اداکار اور کمپیئر ضیاء محی الدین کے ساتھ منائی گئی۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں ابن انشاء کی تحریریں اور افسانے بھی پڑھ کر سنائے۔

اردو کانفرنس کی چہل پہل دیکھ کر اس بات کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا تھا کہ اردو کے دلدادہ عہدِ حاضر میں بھی اس زبان کو ہمعصر رکھنے پر گامزن ہیں۔