1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لفتھانزا میں ہڑتال کے باعث پروازیں منسوخ

21 اپریل 2013

جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا نے مزدور اتحاد کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد اب پیر کو اپنی زیادہ تر مقامی، یورپی اور طویل فاصلے والی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/18K5J
تصویر: picture-alliance/dpa

لفتھانزا میں کارکنوں کے اتحاد Verdi نے اجرت اور حالات کار میں بہتری کے مطالبے پر ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لفتھانزا نے اس ہڑتال کے پیش نظر پیر کے روز کے لیے شیڈول 1720 میں سے اب محض 32 پروازوں کو حتمی پرواز کے لیے شیڈول کیا ہے۔ مقامی اور اندرون یورپ پروازیں اس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گی۔

لفتھانزا کے عہدیدار اشٹیفن لاؤیر نے کارکنوں کے ساتھ اب تک کے ابتدائی مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ Verdiکی مجوزہ ہڑتال بڑے پیمانے پر ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہوائی اڈوں پر لفتھانزا کا زمینی عملہ اور فضائی میزبان مکمل 24 گھنٹے کی ہڑتال پر رہیں گے۔ اشٹیفن نے ہڑتال کے اس فیصلے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے اس مرحلے پر چوبیس گھنٹے کی یہ انتباہی ہڑتال کسی بھی صورت منصفانہ فیصلہ نہیں۔ Verdi کا البتہ موقف ہے کہ لفتھانزا انتظامیہ نے ملازمین کو خوف میں مبتلا رکھا ہوا ہے اور اگلے بارہ ماہ کے عرصے میں محض اعشاریہ چار یا اعشاریہ چھ فیصد سے تنخواہوں میں اضافے کی پیش کش کی ہے۔

Symbolbild Lufthansa Frankfurt am Main Flughafen Streik
تصویر: AFP/Getty Images

جرمنی میں فرینکفرٹ ایئرپورٹ یورپ کا تیسرا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے، یہاں پر پیر کے لیے شیڈول 50 میں سے 46 بین البراعظمی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں گی۔ اسی طرح جنوبی شہر میونخ سے بھی مقامی اور یورپی پروازوں کے ساتھ ساتھ طویل فاصلے کی پروازیں بھی منسوخ کی جائیں گی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق Verdi اور لفتھانزا انتظامیہ کے مابین معاملات کو مذاکرات کے ذریعے سلجھانے کی تین کوششیں بے سود رہنے کے بعد صورتحال یہاں تک پہنچی۔

مزدور اتحاد Verdi کا مطالبہ ہے کہ زمینی عملے سے منسلک قریب 33 ہزار ملازمین، کیبن عملے اور لفتھانزا کے ذیلی اداروں میں کارکنوں کی تنخواہوں میں کم از کم 5.2 فیصد کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھی اس تنازعے کے سبب لفتھانزا کے ملازمین کی نصف روزہ ہڑتال کے سبب قریب سات سو پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔ پیر کی ہڑتال سے یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی میں ایک مرتبہ پھر فضائی سفر کا نظام بڑی حد تک مثاثر ہوگا۔

(sks/aba (AFP