1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنی اتحاد کونسل کے لیے امریکی امداد؟

15 جنوری 2012

طالبان کے خلاف احتجاج کے لیے امریکہ کی طرف سے سنی اتحاد کونسل کو مالی امداد دیے جانے پر پاکستان کے مختلف حلقوں میں زبردست بحث جاری ہے۔ امریکی حکام کے بقول انہوں نے تنظیم کو 2009 میں چھتیس ہزار امریکی ڈالر دیے تھے۔

https://p.dw.com/p/13jyB
تصویر: DW

ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سنی تحریک کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم کا کہنا تھا کہ سنی تحریک پر امریکہ سے رقم لینے کا الزام درست نہیں ہے کیونکہ نہ تو ایسی کوئی رقم سنی اتحاد کونسل کے اکاؤنٹ میں آئی ہے اور نہ ہی کونسل کے کسی عہدیدار نے اسے وصول کیا ہے۔ ان کے بقول سنی اتحاد کونسل کسی کی ڈکٹیشن کی وجہ سے نہیں بلکہ اصولی بنیادوں پر طالبان کے خلاف ہے اور یہ الزام سنی اتحاد کونسل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کوکم کرنے کی ایک سازش ہے۔

انھوں نے انکشاف کیا کہ سنی اتحاد کونسل نے اس حوالے سے امریکہ سے باضابطہ وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور امریکہ کو ضرور یہ بتانا چاہیے کہ سنی اتحاد کونسل کے نام پر اس نے کس کو پیسے دیے ہیں۔ ان کے بقول سنی اتحاد کونسل بھی اس حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے اور اگر کوئی رکن اس میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

دوسری طرف ممتاز تجزیہ نگار ڈاکٹر عاصم اللہ بخش نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ امریکہ کی طرف سے اپنے عالمی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مختلف ملکوں میں مقامی جماعتوں کو رقوم کی فراہمی کوئی نئی بات نہیں ہے۔

Pakistan Mumtaz Qadri Mord Gouverneur Salman Taseer
سنی کونسل سابق گورنر سلمان تاثیر کے قتل میں ملوث پولیس اہلکار ممتاز قادری کی حمایت میں پیش پیش ہےتصویر: AP

ان کے بقول امریکہ اور رقم لینے والی جماعت میں عام طور پر رقم کی فراہمی کے معاملات کسی مڈل مین کے ذریعے ہی پایہ تکمیل تک پہنچتے ہیں۔ ان کے بقول لگتا یوں ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے پیسے لے کر اپنی پالیسی بدل لی ہو گی اور وہ امریکی ایجنڈے کی بجائے ممتاز قادری کی حمایت کرنے لگے۔ اس پر ان کے معاملات منظر عام پر لائے گئے جس کا ایک مقصد یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دوسرے لوگوں کوبھی یہ پیغام دیا جائے کہ اگر انھوں نے کمٹمنٹ نہ نبھائی تو ان کے ساتھ بھی یہ کچھ ہو سکتا ہے۔

بعض مبصرین کے مطابق بات ابھی پوائنٹ آف نو ریٹرن تک نہیں پہنچی ہے مصالحت کے امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ضرورت اور سپلائی کے امکانات موجود رہتے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ سنی اتحاد کونسل ممتاز قادری کے حق میں مظاہرے جاری رکھتی ہے یا نہیں۔

ایک انگریزی اخبار ڈیلی ٹائمز کے ایڈیٹر راشد رحمٰن نے بتایا کہ مزارات کے حوالے سے مخصوص نقطہ نظر رکھنے والے طالبان جب صوفیاء کے درباروں پر حملے کر رہے تھے تو ہو سکتا ہے کہ امریکیوں نے ان مزاروں سے عقیدت رکھنے والے سنی مسلمانوں کو ان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی ہو۔ لیکن امریکی اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکے کہ ممتاز قادری کے مسئلے پر مذہبی جماعتوں کا طرز عمل کیسا ہو سکتا ہے۔

ان کے بقول اگرچہ پاکستان میں نجی طور پر چوری چھپے بیرونی رقوم کی وصولی کی قانون اجازت نہیں دیتا لیکن مذہبی جماعتوں کی طرف سے اس سے پہلے بھی باہر سے امداد لینے کی اطلاعات ملتی رہی ہیں۔ ان کے بقول پیسے دے کر کسی مقصد کے لیے احتجاجی مظاہرے کروانا خود اس مقصد کی ساکھ کو بھی متاثر کرنے کا باعث بنتا ہے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں