1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اولین ترجیح اقتصادی بحالی، نو منتخب جاپانی وزیر اعظم

26 دسمبر 2012

جاپان کے نئے وزیر اعظم شینزو آبے نے اپنی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے’اقتصادی بحالی‘ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ انہوں نے بدھ کو باقاعدہ طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

https://p.dw.com/p/179D8
تصویر: Reuters

لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل پی ڈی) کے سربراہ قدامت پسند سیاستدان شینزو آبے نے بطور وزیر اعظم اپنی پہلی نیوز کانفرنس کے دوران کہا، ’’ میری حکومت کا پہلا مشن یہ ہو گا کہ ملک کی معیشت کی بحالی کو ممکن بنایا جا سکے۔‘‘

آبے نے کہا کہ مستحکم اقتصادیات مضبوط جاپان کا ذریعہ بنے گی۔ 2007ء میں وزارت عظمٰی کے عہدے کو خیر باد کہہ دینے والے اٹھاون سالہ قوم پرست سیاستدان آبے نے گزشتہ چھ برسوں کے دوران ملک کے ساتویں وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

گزشتہ ماہ کے پارلیمانی انتخابات میں ایل پی ڈی نے ایک بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اسے 480 نشستوں والی پارلیمان میں سے 294 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ آبے نے کہا کہ عوام اب بھی ان کی پارٹی کو امید بھری نظروں سے دیکھتی ہے اور وہ آہستہ آہستہ مطلوبہ اہداف حاصل کرتے ہوئے عوام کے اعتماد کو جیت لیں گے۔

کابینہ میں منجھے ہوئے سیاستدانوں کی شمولیت

Taro Aso / Japan
نائب وزیر اعظم بھی تارو آسو کو نامزد کیا گیا ہےتصویر: AP

ایوان زیریں میں حکمران اتحاد کو اس وقت قطعی اکثریت حاصل ہے۔ ناقدین کے بقول اس لیے آبے کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں کو بغیر کسی بڑی اپوزیشن کے متعارف کروا سکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ شینزو آبے نے اہم وزارتوں کے لیے جو اپنے قریبی ساتھیوں کا انتخاب کیا ہے، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ملک کو درپیش اقتصادی مسائل سے نمٹنے کی بھرپور کوشش میں ہیں۔

آبے نے وزارت خزانہ کا انتہائی اہم قلمدن سابق وزیر اعظم تارو آسو کو سونپا ہے۔ اسی طرح صنعت و تجارت کے سابق وزیر Akira Amari کو اقتصادی ترقی کے احیاء کا وزیر بنایا گیا ہے جبکہ منجھے ہوئے سیاستدان Toshimitsu Motegi کو ٹریڈ منسٹر نامزد کر دیا گیا ہے۔

نو منتخب صدر آبے نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے اور اس مقصد کے لیے وہ جنوری میں واشنگٹن کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد جب صدر اوباما نے انہیں فون کر کے مبارکباد کا پیغام دیا تھا تو دونوں ممالک نے اعتماد کی فضا بہتر بناتے ہوئے مزید قریبی تعلقات استوار کرنے کے عہد کا اعادہ کیا تھا۔ آبے نے اپنا نیا وزیر خارجہ Fumio Kishida کو تعینات کیا ہے۔

(ab sks(dpa,Reuters