1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اولمپک کھلاڑیوں کی عمر زیادہ طویل ہوتی ہے، تحقیق

24 دسمبر 2012

آسٹریلوی سائنسدانوں نے اپنی ایک تازہ تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ اولمپک ایتھلیٹس، جو کسی بھی میڈل پوزیشن پر پہنچتے ہیں، دیگر انسانوں کے مقابلے میں اوسطاﹰ دو اعشاریہ آٹھ برس زیادہ زندہ رہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/178V2
تصویر: picture alliance / dpa

آسٹریلیا کی میلبورن یونیورسٹی کی ٹیم کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آیا کسی ایتھلیٹ نے سونے، چاندی یا کانسی کا تمغہ جیتا، مگر ایتھلیٹس دوسروں کے مقابلے میں زیادہ عرصہ جیتے ہیں۔

صحت سے متعلق معیشت کے ماہر فلیپ کلارک کے بقول، ’مزے کی بات یہ ہے کہ سونے کا تمغہ جیتنے والوں میں زندگی کی طوالت کے اعتبار سے اضافی فائدہ نہیں دیکھا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ زیادہ پیسہ اور شہرت اس سلسلے میں کوئی زیادہ کردار ادا نہیں کرتے۔‘

محققین نے اس اعتبار سے گرمائی اور سرمائی اولپمک مقابلوں میں سن 1896 سے شرکت کرنے والے 15ہزار 174 ایتھلیٹس کی زندگیوں کا مطالعہ کیا۔

Olympia 2012 Robeisy Ramirez Carrazana Kuba Gold Jubel Federgewicht
اولمپک کھلاڑیوں کو زبردست جسمانی مشقت سے گزرنا پڑتا ہےتصویر: AP

اس سلسلے میں نو ممالک کے ایتھلیٹس کا گروپ ترتیب دیا گیا تھا، جس میں امریکا، جرمنی، روس، برطانیہ، فرانس، اٹلی، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ اس گروپ میں ایتھلیٹس کا مطالعہ ملک، عمر، جنس اور پیدائش کے برس کے اعتبار سے کیا گیا۔

پروفیسر کلارک کے مطابق عمر کی طوالت میں متعدد عناصر کار فرما ہوتے ہیں، جس میں جینز، جسمانی سرگرمیاں اور صحت مند طرز زندگی شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عمر کی طوالت کے اعتبار سے کسی ایک عنصر کو بنیادی تسلیم کر لینا خاصا مشکل کام ہے۔ تاہم اگر کسی ایتھلیٹ نے 25 برس کی عمر تک کوئی اولمپک میڈل حاصل کر لیا ہے، تو یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ زیادہ عمر کا حامل ہو گا، کیونکہ وہ ایک عام آدمی کے مقابلے میں زیادہ صحت مند ہو گا۔

برطانوی میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والے اس تحقیقی رپورٹ میں پروفیسر کلارک کا تاہم یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف چیزوں اور انسانی عمر کی طوالت کے درمیان ربط کے حوالے سے کچھ کہنا اتنا آسان بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھلیٹس کی زندگیوں کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس لمبی عمر اور صحت کے بدلے ان کھلاڑیوں کو کئی دیگر چیزوں پر سمجھوتہ بھی کرنا پڑتا ہے اور ان میں اعلیٰ تعلیم بھی شامل ہے، کیونکہ یہ کھلاڑی اپنی توجہ جسمانی ورزشوں اور ایتھلیٹکس کے دیگر معاملات پر مرکوز رکھتے ہیں، اور تعلیمی اعتبار سے ان کی قابلیت بہت زیادہ شاندار نہیں ہوتی۔

(at / mm (dpa