1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما اور رومنی کی صدارتی الیکشن کی مہم میں واپسی

2 نومبر 2012

سپر طوفان سینڈی کے امریکا کی مشرقی ریاستوں میں داخل ہونے کے باعث چھ ستمبر کے صدارتی الیکشن کی مہم بھی عبوری طور پر تعطل پیدا ہوا تھا۔ اب دونوں امیدوار ایک بار پھر ووٹروں کو اپنے حق میں قائل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/16bea
تصویر: AP

امریکا میں صدارتی انتخابات کے انعقاد میں صرف چار دن باقی بچے ہیں۔ الیکشن ڈے چھ نومبر ہے۔ سینڈی طوفان کی تباہ کاری کے باعث واشنگٹن میں شیڈیول سرکاری میٹنگوں میں اوباما کی شرکت ضروری تھی۔ ان سرکاری میٹنگوں میں شرکت کے بعد اوباما نے نیو جرسی کی شدید متاثرہ ساحلی پٹی کا بھی دورہ کیا۔ دونوں امیدواروں نے اِن دنوں اُن ریاستوں پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جو امکاناً انتخابی نتیجے پر گہرے اثرات کی حامل ہیں۔

USA TV-Duell Mitt Romney Barack Obama Boca Raton
اوباما اور رومنی الیکشن سے قبل آخری ایام کی مہم میں مصروف ہیںتصویر: Reuters

موجودہ صدر باراک اوباما نے اپنی انتخابی مہم کا دوبارہ آغاز وسطی شمالی ریاست وسکانسن (Wisconsin) کے مقام گرین بے میں ووٹروں کے ساتھ تقریر سے کیا۔ اس تقریر میں بھی اوباما نے سینڈی طوفان کے متاثرین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرنے پر امریکی عوام کی تعریف کی۔ اوباما نے کہا کہ آفتوں اور مصائب کے وقت امریکا اپنی مثال آپ ہوتا ہے۔ وسکانسن میں انتخابی جلسے سے خطاب کے بعد اوباما ایک اور اہم ریاست نیواڈا (Nevada) روانہ ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد وہ کولوراڈو اور پھر اوہائیو کا دورہ کریں گے۔

USA TV-Duell Mitt Romney Barack Obama Boca Raton
رومنی اور اوباما کے درمیان سخت مقابلے کا اندازہ لگایا جا رہا ہےتصویر: AP

مجموعی طور پر سینڈی طوفان نے مِٹ رومنی کی انتخابی مہم کو خاصا دھچکا پہنچایا ہے اور وہ اس دوران امریکی میڈیا سے ایک طرح سے غائب ہو کر رہ گئے تھے۔ رومنی نے متاثرین کی مدد کے لیے خصوصی اپیل بھی جاری کی۔ انہوں نے ریاست ورجینیا میں سست روی کی شکار امریکی معیشت کے تناظر میں اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ ورجینیا میں رومنی نے اوباما کے حوالے سے کہا کہ وہ چار سال مزید صدارت مانگنے کا ذکر کر رہے ہیں جبکہ اب ان کے پاس وائٹ ہاؤس میں مزید پانچ دن رہ گئے ہیں۔ رومنی اس کوشش میں بھی ہیں کہ وہ ڈیموکریٹک امیدوار کی جانب جھکاؤ رکھنے والی ریاست پینسیلوینیا میں ووٹروں کو اپنے حق میں قائل کر سکیں۔

امریکی صدر اوباما کو نیویارک کے گورنر مائیکل بلوم برگ کی حمایت بھی حاصل ہو گئی ہے۔ بلوم برگ کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے تھا۔ اوباما نے بلوم برگ کے اعلان کو اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔ تازہ ترین رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اوباما کو مٹ رومنی پر معمولی سی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ مبصرین کے مطابق سینڈی طوفان میں اوباما کی بھرپور موجودگی کی وجہ سے یہ برتری حاصل ہوئی ہے اور اس میں اضافے کا امکان ہے۔ انتخابی نتیجے پر اثرانداز ہونے والی اہم ریاستوں میں فلوریڈا، اوہائیو اور ورجینیا میں اوباما کو سبقت حاصل ہے جب کہ کولوراڈو میں رومنی آگے ہیں۔

ah / ia ( AFP, Reuters)