1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں ’گن کلچر‘ کے موضوع پر صدارتی مہم کے دوران خاموشی

21 جولائی 2012

امریکا میں فائرنگ کے واقعے میں بارہ افراد کی ہلاکت کے بعد اگرچہ صدارتی مہم وقتی طور پر ماند پڑ گئی ہے لیکن صدر اوباما اور صدارتی امیدوار مٹ رومنی امریکا میں اسلحہ کلچر کے موضوع پر بات کرنے سے احتراز ہی کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15cd9
تصویر: dapd

امریکی شہر ارورا کے سنیما گھر پرشوٹنگ کے اس واقعے کے بعد صدر ڈیموکریٹ باراک اوباما اور ری پبلکن پارٹی کی طرف سے میدان میں اتارے گئے صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے گزشتہ روز اپنی اپنی صدارتی انتخابی مہم کو مؤخر کر دیا۔ صدر اوباما نے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری دفاتر پر پرچم سر نگوں رکھنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعزیت کرتے ہوئے نہ تو صدر اوباما نے اور نہ ہی مٹ رومنی نے امریکا میں’گن کلچر‘ پر زبان کھولی۔

امریکا میں ’گن کلچر‘ ایک ایسا موضوع ہے، جس پر اس صدارتی مہم کے دوران مکمل خاموشی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ نیویارک شہر سے تعلق رکھنے والے اسلحہ پر کنٹرول کے ایڈووکیٹ مائیکل بلومبرگ کا کہنا ہے، ’’ تعزیتی پیغامات بھلے معلوم ہوتے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یہ دونوں حضرات، جو امریکا کے صدر بننے کے خواہشمند ہیں، اب ہمیں بتا ہی دیں کہ یہ گن کلچر کے حوالے سے کیا اقدامات کرنا چاہتے ہیں‘‘۔ امریکا میں گن کلچر کے حوالے سے مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔

Colorado Amoklauf Tatverdächtige James Holmes
جیمز ہولمزتصویر: Reuters/The University of Colorado

ڈینور کے قریب جہاں شوٹنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے، وہاں سے جیمز ہولمز نامی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس سے آتشیں ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چوبیس سالہ مشتبہ شخص نے یہ ہتھیار قانونی طور پر حاصل کیے تھے۔

گریجویٹ اسٹوڈنٹ ہولمز کو متوقع طور پر پیر کے دن عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ہنگامی کال موصول ہونے کے 90 سکینڈ میں ہی پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی تھی، جہاں مشتبہ شخص نے بغیر کسی مزاحمت کے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

جس سنیما گھر پر حملہ ہوا ہے، وہاں بیٹ مین سیریز کی نئی فلم The Dark Knight Rises کا پریمیئر شو دکھایا جا رہا تھا۔ اس واقعہ کے بعد امریکی ریاست کولوراڈو میں ایسے تمام تھیٹرز میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے، جہاں یہ فلم نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

اس فلم کے تخلیق کار ادارے وارنر برادرز نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق پیرس میں اس فلم کا پریمیئر شو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ab/ai (Reuters)