1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعتماد بحال ہو جائے گا، جرمنی اور امریکا پُر امید

عاطف بلوچ1 فروری 2014

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے تسلیم کیا ہے کہ این ایس اے اسکینڈل کی وجہ سے واشنگٹن اور برلن کے تعلقات میں کچھ ناخوشگواری ضرور آئی لیکن مشترکہ مفادات دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو معمول پر لے آئیں گے۔

https://p.dw.com/p/1B19G
تصویر: Getty Images/Afp/Brendan Smialowski

برلن کے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے علاوہ اپنے ہم منصب فرانک والٹرشٹائن مائر سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران کیری نے کہا کہ امریکی خفیہ ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کی طرف سے میرکل کے فون کی نگرانی کے انکشافات پر جرمنی نے جس برہمی کا اظہار کیا ہے، واشنگٹن نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے جمعے کے دن برلن میں اپنے جرمن ہم منصب سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’میں جرمن عوام سے یہ کہنا چاہوں گا کہ اس میں کوئی خفیہ پہلو نہیں ہے کہ امریکا اور جرمنی کے تعلقات میں ایک سخت دور آیا ہے۔‘‘ اسی دوران انہوں نے امریکا اور جرمنی کے تاریخی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک انسداد دہشت گردی، نیشنل سکیورٹی اور دفاع جیسے پیچیدہ امور پر تعاون کرتے آئے ہیں اور مشترکہ مفادات کی بدولت دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر آ جائیں گے۔

US-Außenminister John Kerry in Berlin 31.01.2014
جان کیری نے اپنے جرمن ہم منصب فرانک والٹر اشٹائن مائر کے ساتھ بھی ملاقات کیتصویر: picture-alliance/dpa

اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی ایجنسی کا اسکینڈل ان تاریخی اتحادی ممالک کے تعلقات کو برباد نہیں کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘‘

جب کیری سے پوچھا گیا کہ کیا امریکی انتظامیہ جرمنی کے ساتھ جاسوسی نہ کرنے کا معاہدہ کر لے گا تو جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بابت امریکی صدر باراک اوباما اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل رابطے میں ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ اس اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد برلن حکومت نے واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک جاسوسی نہ کرنے کا ایک معاہدہ طے کریں۔

جان کیری سے ملاقات سے قبل انگیلا میرکل نے بھی کہا کہ این ایس اسکینڈل دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو اثر انداز نہیں کر سکتا ہے۔ میرکل نے کہا کہ البتہ وہ اس معاملے پر امریکی وزیر خارجہ سے بات چیت ضرور کریں گی، ’’اس بارے میں اختلافات شاید کبھی بھی ختم نہ ہو پائیں۔‘‘ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے امریکا اور جرمنی کے بنیادی تعلقات کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

جان کیری انگیلا میرکل سے ملاقات کے بعد میونخ روانہ ہو گئے، جہاں وہ آج بروز ہفتہ میونخ سلامتی کانفرنس کے شرکاء سے اہم خطاب کریں گے۔